• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چندر شیکھر کادھماکہ ، یوگی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

Updated: January 21, 2022, 8:38 AM IST | Jilani Khan | Lucknow

بی جے پی مخالف دیگر پارٹیوں کو مخمصے میں ڈال دیا،آزاد سماج پارٹی ۲۲؍نکاتی منشور پر انتخاب لڑے گی ،مہنگائی اور دلتوں پر مظالم کا خاتمہ ترجیحات میںسر فہرست

Azad Samaj Party chief Chand R Shekhar Azad announced his opposition to Yogi at a press conference. (PTI)
آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چند ر شیکھر آزاد نےپریس کانفرنس میںیو گی کے خلاف اترنے کا اعلان کیا ۔( پی ٹی آئی )

بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر عرف ’راون‘ نے بڑا دھماکہ کیا ہے۔انہوں نےگورکھپور صدر سیٹ سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آزاد سماج پارٹی کی کور کمیٹی نے ان کے نام پر مہر ثبت کردی ہے۔پارٹی میں جمعرات کو شامل ہونے والے سابق سماجوادی لیڈرمکیش سدھارتھ کے بیٹے کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہیں ہستنا پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔پارٹی نے ۲۲؍نکاتی ایجنڈہ پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ چندر شیکھر کے اس دائو سے بی جے پی مخالف دیگر جماعتیں مخمصے میں ہیں، کیونکہ راون یہ کہتے ہوئے ان سےحمایت ضرور مانگیں گے کہ اگر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے تو یوگی کے خلاف سبھی پارٹیوں کو امیدوار اتارنے کی ضرورت کیا ہے، انہیں ہی حمایت دیں ۔
 چندر شیکھر نے یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف انہیںکھڑا کرنے کے پارٹی کے فیصلہ پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں اس عزم کابھی دوہرایا ہے کہ پانچ سال سے یوگی۔ بی جے پی کی دلت مخالف پالیسیوں، دلتوں پر جاری مظالم کے خلاف لڑتے رہے ہیں اور آگے بھی لڑیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم گورکھپور میں یوگی کو شکست دے کرلکھنؤ سے ان کی اور بی جے پی کی حکومت کی وداعی کو یقینی بنائیں گے۔ چندر شیکھرنے کہا ہے کہ پارٹی ۲۲؍نکاتی ایجنڈے پر الیکشن لڑے گی اور مہنگائی اور دلت مظالم پر روک ہماری اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے انتخابی منشور میں عوامی مسائل کے حل اور ان کی فلا ح و بہبود کو ترجیح دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ٹیکس میں کمی کرنے اور پیٹرول  ڈیزل کی قیمت میں تخفیف کا بھی وعدہ کیا ہے۔
  پارٹی کے چیف الیکشن انچارج رویندر بھاٹیا نے کہا ہے کہ چندر شیکھر پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گے۔ ہمارے تمام امیدوار مضبوطی سے انتخابی دنگل میں قدم رکھ رہے ہیں اور صوبہ کے عوام کے سامنے اپنی پالیسیوں اور اپنے وعدوں کو پیش کریں گے۔ان کے بقول آزاد سماج پارٹی دیگر کئی چھوٹی جماعتوں کے ساتھ تال میل کر رہی ہے، جن میں ’ویر دل‘، پچھڑا سماج پارٹی ،پتھک جن شکتی پارٹی شامل ہیں۔
 اس درمیان،چندر شیکھر کی پارٹی نے سینئر سماجوادی لیڈر مکیش سدھارتھ کوپارٹی میں شامل کروایا  اور ان کے بیٹے کو ہستنا پور(محفوظ) سیٹ سےا میدوار بھی بنادیا۔چندر شیکھر نے اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش پر بھی تنقیدیں کیں ۔ان کے بقول اکھلیش  یادو اپناکنبہ سنبھا ل پا رہے ہیں اور نہ پارٹی۔ان کا اشارہ گزشتہ ورز بی جے پی میں شامل ہونے والی اپرنا یادو کی طرف تھا جو ملائم سنگھ کی چھوٹی بہو مانی جاتی ہیں کیونکہ ان کے شوہرپرتیک کو ملائم نے اپنا بیٹا بنا یا ہے۔پرتیک یادو ملائم سنگھ کی دوسری بیوی سادھنا گپتا کے پہلے شوہر کی اولاد ہیں۔
  چندر شیکھر کے گورکھپورسےا ترنے کے فیصلے سے اس حلقہ پرسیاسی مساوات میں نمایاں تبدیلی کے آثار ہیں۔باقی غیر بی جے پی پارٹیوں پر چندر شیکھر یہ دبائو بنا سکتے ہیں کہ انہیں ہی مشترکہ امیدوار تسلیم کرکے حمایت دیں تاکہ یوگی اور بی جے پی کی یہاں شکست کو یقینی بنایا جاسکے۔عین ممکن ہے کہ کانگریس چندرشیکھر کے خلاف کوئی امیدوار نہ اتار کر انہیں حمایت دینے کا اعلان کردے۔تاہم، بی ایس پی تو امیدوار ضرور اتارے گی کیونکہ مایا اور چندر شیکھر ایکدوسرے کے سخت گیر حریف مانے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK