حلف ناموں کے تجزیہ سے انکشاف،۳۱؍ وزرائے اعلیٰ ایک ہزار ۶۳۰؍ کروڑ کی املاک کے مالک، ۱۳؍کے خلاف فوجداری مقدمات، ۱۰؍ پر سنگین الزامات۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 11:18 AM IST | Agency | New Delhi
حلف ناموں کے تجزیہ سے انکشاف،۳۱؍ وزرائے اعلیٰ ایک ہزار ۶۳۰؍ کروڑ کی املاک کے مالک، ۱۳؍کے خلاف فوجداری مقدمات، ۱۰؍ پر سنگین الزامات۔
ملک کے وزرائے اعلیٰ کے تعلق سے اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفامس (اے ڈی آر) کے ذریعہ پیر کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ۹۳۱؍ کروڑ سے زائد کی املاک کے ساتھ آندھرا کے چندرا بابو نائیڈو امیر ترین وزیراعلیٰ ہیں جبکہ مغربی بنگال کی ممتا بنرجی سب سے غریب وزیراعلیٰ ہیں جن کے پاس صرف ۱۵؍ لاکھ روپے ہیں۔ اے ڈی آر نے یہ رپورٹ وزرائے اعلیٰ کے ذریعہ الیکشن کے وقت دیئے گئے حلف نامہ کی بنیاد پر تیار کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق۱۳؍وزرائے اعلیٰ نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعتراف کیا ہے جن میں قتل، اغوا، رشوت ستانی اور مجرمانہ دھمکی جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
ملک کے ۳۱؍ وزراء اعلیٰ میں مغربی بنگال کی ممتا بنرجی اور دہلی کی آتشی سنگھ صرف ۲؍ خاتون ہیں۔ اروناچل پردیش کے پیما کھانڈو ۳۳۲؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی املاک کے ساتھ ملک کے دوسرے امیرترین وزیر اعلیٰ ہیں۔ کرناٹک کے سدارمیا۵۱؍کروڑ روپے سے زیادہ کی املاک کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو ۵۵؍ لاکھ روپے کی جائیداد مالک ہیں، اس فہرست میں دوسرے سب سے کم دولتمند وزیر اعلیٰ ہیں۔ کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کے پاس۱ء۱۸؍کروڑ روپے کی دولت ہے۔ اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو پر ۱۱۸؍کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اس طرح سے وہ سب سے مقروض وزیراعلیٰ ہیں جبکہ سدارمیا پر۲۳؍ کروڑ اور نائیڈو پر۱۰؍ کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔