پولیس نے ایس آر اے اسکیم یا کاروباری رنجش کے شبہ کو خارج کردیا۔ وجہ سپراسٹارسلمان خان سے دوستی اور داؤدابراہیم گینگ سے تعلق بتائی گئی
EPAPER
Updated: January 06, 2025, 10:00 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
پولیس نے ایس آر اے اسکیم یا کاروباری رنجش کے شبہ کو خارج کردیا۔ وجہ سپراسٹارسلمان خان سے دوستی اور داؤدابراہیم گینگ سے تعلق بتائی گئی
سابق وزیر بابا ضیاء الدین صدیقی کے قتل کیس میں پولیس نے ۲۹؍ ملزموں کے خلاف ساڑھے ۴؍ ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کردی ہے جس میںایس آر اے اسکیم یا کاروباری رنجش کے شبہ کو خارج کردیا اور وجہ سپراسٹار سلمان خان سے دوستی اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم گینگ سے تعلق بتائی گئی ہے۔
کرائم برانچ نے پیر کو عدالت میں۲۶؍ گرفتارشدہ اور۳؍ مطلوبہ ملزموں کے خلاف ۶؍ جلدوں میں ۴ ؍ ہزار ۵۹۰؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے جس میں ایس آر اے ری ڈیولپمنٹ یا دیگر کاروباری حریفائی یا دشمنی کے سبب قتل کی تمام قیاس آرائیوں کو سرے سے خارج کردیاگیا ہے۔ تفتیش کے دوران کرائم برانچ اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ بشنوئی سماج کالے ہرن کو مقدس مانتا ہے اور چونکہ سلمان خان نے اس کا شکار کرکے ان کے جذبات کو مجروح کیا تھا اس لئے بشنوئی گینگ نےسلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی ہی نہیں دی بلکہ بارہا کوشش بھی کی تھی۔
داخل کردہ چارج شیٹ میں پولیس نے بابا صدیقی کے قتل کو سلمان خان سے قریبی دوستی اہم وجہ بتائی ہے۔اس سلسلہ میں پولیس نے اپنی تفتیش مکمل کرنے اور پیر کو چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے یہ نتیجہ بھی اخذ کیا ہے کہ ممبئی میں لارنس بشنوئی گینگ اپنا دبدبہ قائم کرنا چاہتی تھی ۔پولیس کے بقول بابا صدیقی کے قتل کی سازش کو۲۶؍گرفتارشدہ ملزمو کے ذریعہ انجام دینے کی مکمل سازش گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی اوراس کیس کےانتہائی مطلوب ملزم انمول بشنوئی نے انجام دی تھی۔ اس سلسلہ میں ممبئی پولیس امریکہ میں گرفتار کئے گئے انمول بشنوئی کو حوالگی قانون کے تحت ہندوستان لانے کی کوشش بھی کررہی ہے اور اس ضمن میں عدالت کے توسط سے دستاویزی کارروائی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے ۔
اس کیس پر چونکہ تفتیش کے دوران ہی مکوکا کے تحت کیس درج کیا گیا تھا اس لئے پیر کو مکوکا کی خصوصی عدالت میںچارج شیٹ داخل کی گئی ۔اس میں ۲۶؍ گرفتارشدہ اور تین مطلوب ملزمین جن میں انمول بشنوئی کے علاوہ ذیشان عرف یاسین صدیقی اور لارنس بشنوئی کےنام سے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے اور سلمان خان کے ساتھ رشتہ رکھنے پر سبھی کو اسی انجام تک پہنچانے کی دھمکی دینے والے کلیدی ملزم شبھم لونکربھی شامل ہے۔یاد رہے کہ بابا صدیقی کو ۱۲؍ اکتوبر ۲۰۲۴ءکو باندرہ مشرق میں ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کے آفس سے نکلتے کے بعد تین شوٹروں نے گولی ماری تھی ۔
پولیس نے چارج شیٹ میں تجارتی اور ایس آر اے پروجیکٹ کے تنازع کے سبب قتل کئے جانے کی قیاس آرائیوں سے انکار کردیا ہے اور باباتصدیقی کے قتل کی ایک وجہ ان کے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم گینگ سے تعلقات کو بھی قرار دیا ہے ۔
واضح ہو کہ مکوکا کے تحت درج کردہ کیس میں سیشن کورٹ کی خصوصی مکوکا عدالت کےکمرہ نمبر ۵۷؍ میں داخل کردہ چارج شیٹ کے مطابق اس کیس میں ۱۸۰؍ افراد کو گواہ بنایا گیا ہے اور ان کا بیان درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ۲۶؍ گرفتار شدہ ملزموں کے ذریعہ ایک دوسرے سے رابطہ میں رہنے ، قتل کی سازش میں ملوث ہونے ،قتل کرنے ، دھمکانے اور غیر قانونی طور پر اسلحہ کی خرید و فروخت کرنے اور اس کا استعمال کرنے کے تکنیکی اور دستاویزی ثبوت بھی چارج شیٹ میں شامل کئے گئے ہیں ۔ تفتیش کے دوران قتل میں استعمال ہونے والے اسلحہ اور ملزموں کی تحویل سے کل ۵؍ اسلحہ ، ۶؍ میگزین اور ۸۴؍ کارتوس بھی ضبط کئے ہیں ساتھ ہی سازش کو انجام دینے کیلئے کل ۳۵؍ موبائل فون کا استعمال کیا گیا تھا ،انہیں بھی ضبط کیا گیاہے۔ تمام کال ڈیٹا ریکارڈ کو بھی چارج شیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔