• Sun, 19 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

۲۰؍تا ۲۶؍جنوری کےدرمیان اسکولوں میں ’نقل سے پاک امتحانات ‘مہم

Updated: January 18, 2025, 11:49 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

پہلی بار ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات سے قبل اسکولوںمیں ہونےوالی صبح کی دعا کے دوران’ نقل سے پاک امتحانات‘ مہم سے متعلق عہدلینےکی ہدایت

HSC exams will begin on February 11. (Photo, Inqilab: Sameer Markande)
ایچ ایس سی کے امتحانات کا آغاز ۱۱؍ فروری کو ہوگا ۔( تصویر ،انقلاب: سمیر مارکنڈے )

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن  نے پہلی بار ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات سے قبل اسکولوںمیں ہونےوالی صبح کی دعا کے دوران ’نقل سے پاک امتحانات‘ مہم سے متعلق طلبہ سے عہدلینےکی ہدایت جاری کی ہے۔ ۲۰؍ تا ۲۶؍جنوری ۲۰۲۵ءکے دوران اسکولوں اورجونیئر کالجوںمیں یہ مہم چلائی جائے گی۔واضح رہےکہ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈنے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات کو نقل سے پاک رکھنے کیلئےاسکولوںکو ۲۰؍سے ۲۶؍جنوری کے درمیان ایک خصوصی مہم چلانےکی ہدایت دی ہے  جس کے تحت طلبہ کو بورڈ امتحان میں نقل کرنےکی غلطی نہ کرنےکی تلقین کرنےکےساتھ انہیں امتحان سے متعلق بیدار کیا جائے گا۔ ان امتحانات سے پہلے، بعد اور امتحانات کے دوران تفصیلی رہنما خطوط کے ساتھ `نقل سے پاک امتحانات کے بارے میں ایک ہفتہ کی بیداری مہم چلانے کامنصوبہ ہے۔  تعلیمی تنظیم آئیٹا کے ریاستی صدر سید شریف نے اس تعلق سےکہاکہ ’’ نقل سے پاک امتحان سےمتعلق طلبہ میں بیداری پیدا کرنےکی ہدایت ہرسال جاری کی جاتی ہے جس پرعمل بھی کیا جاتا ہے۔ امسال بھی اس طرح کی ہدایت دی گئی ہےلیکن جن کمروںمیں امتحان ہوناہے ا ن میں سی سی ٹی وی کیمرے کاہونا لازمی قرار دیاگیاہے ، اس پر خاص طورپر زور دیاجارہاہے جس کی وجہ سے جن اسکولوں کے کمروںمیں کیمرہ نہیں ہے وہاں کیلئے مسئلہ پیداہوسکتاہے۔‘‘
  مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نےاس تعلق سےکہاہےکہ ’’مذکورہ ہفتہ بھر کی مہم ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ذریعہ محکمہ اسکولی تعلیم کیلئے جاری کئے گئے ۱۰۰؍دن کے ایکشن پلان کا ایک حصہ ہے۔ ایچ ایس سی اور ایس ایس سی کے امتحانات بالترتیب ۱۱؍ اور ۲۱؍فروری سے شروع ہورہے ہیں۔ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے ۹؍ ڈویژنوں سے تقریباً ۳۱؍ لاکھ طلبہ ان امتحانات میں شرکت کرنے والے ہیں۔ 
 پیر سے شروع ہونےوالی مہم کےدوران مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جن کے ذریعے طلبہ کونقل نہ کرنےکی اہمیت، افادیت اور اس کےنتائج کےبارےمیں بتایاجائے گا۔ساتھ ہی نقل نہ کرنےکے  اُصولوں  سےآگاہ  کیا  جائے گا۔ مہاراشٹرا ریاستی بورڈ نے مہم کے منصوبے کے ساتھ طلبہ کیلئے ایک عہد بھی جاری کیا ہے۔
 مہاراشٹرا اسٹیٹ بورڈ کے اعلان کردہ منصوبے کے مطابق’نقل سے پاک امتحانات ‘ مہم کا آغاز پیر کو کیا جائے گا۔اسکول کے پرنسپل اوراساتذہ نقل سے پاک امتحانات کی اہمیت اور مہم کے دیگر امور سےطلبہ کو آگاہ کریں گے۔ منگل کو تمام اسکولوں میں طلبہ صبح کی اسمبلیوں کے دوران نقل کے خلاف عہد کریںگے۔ بدھ کو  بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو تمام قواعد و ضوابط پڑھنے ہوں گے اور انہیں مختلف قسم کےممنوعہ کاموں کے نتائج کے بارے میں مطلع کیاجائے گا ۔ امتحانات کے دوران صحت اور غذائیت کا خیال رکھنے کے بارے میںبھی طلبہ کی ضروری رہنمائی کی جائےگی۔ماہر نفسیات کے لیکچربھی منعقدکئے جائیں گے تاکہ امتحان سے متعلق طلبہ کے خوف کو دور کیاجاسکے۔
 اسکولوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ریاستی بورڈ کے ذریعہ تیار کردہ ایک فلم بھی طلبہ کو دکھائیں جس میں کسی دباؤ کےبغیر امتحانات میں شرکت کیسے کی جائے؟اس کا پیغام دیاگیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK