ممبئی پولیس کو جھٹکا، ۳۱؍ مارچ کوحاضر ہونے کیلئے سمن جاری کیا تھا، کامرا کی گرفتاری کے مطالبے میں بی جے پی لیڈروں کے پیش پیش ہونے پر دانوے کا طنز
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 9:30 AM IST | Chennai
ممبئی پولیس کو جھٹکا، ۳۱؍ مارچ کوحاضر ہونے کیلئے سمن جاری کیا تھا، کامرا کی گرفتاری کے مطالبے میں بی جے پی لیڈروں کے پیش پیش ہونے پر دانوے کا طنز
ممبئی پولیس کے ذریعہ یکے بعد دیگرے سمن کئے جانے پر اسٹینڈ اَپ کامیڈین کنال کامرا نے چنئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر راحت حاصل کرلی ہے۔ یہ ممبئی پولیس کیلئے جھٹکا ہےجس پر شندے گروپ کے سینکوں کی جانب سے کامرا کی گرفتاری کا شدید دباؤ ہے۔ممبئی پولیس نے ایک تازہ سمن کے ذریعہ کنال کمرا کو ۳۱؍ مارچ کو اس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیاتھا۔ اس بیچ اپوزیشن لیڈر سنجے راؤت نے پھر مہاراشٹر بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامرا نے وزیراعظم مودی پر براہ راست تنقید کی ہے مگر زعفرانی پارٹی اس پر احتجاج کرنے کے بجائےشندے کو غدار کہنے پر واویلا مچا رہی ہے۔
کنال کامرا کی گرفتاری پر روک
کنال کامرا جن کا طنز ومزاح سے پُر یوٹیوب ویڈیو ’’نیا بھارت‘‘ تیزی سے مقبول ہورہاہے، کے خلاف مہاراشٹر نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی پارٹی کے کارکنوں کے واویلا اور ممبئی پولیس کی انہیں گرفتار کرنے کی کوششوںکو جمعہ کو اس وقت بڑا جھٹکا جب چنئی ہائی کورٹ نےممبئی میں درج کی گئی ایف آئی آر پر کامرا کی گرفتاری پر ۷؍ اپریل تک روک لگادی۔ کورٹ نے کامرا کی اس دلیل کو قبول کیا کہ ۲۰۲۱ء کووہ تمل ناڈو میں منتقل ہوگئے تھے اور تب سے تمل ناڈو کے شہری ہیں، نیز انہیں ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے وہ ممبئی میں پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوسکتے۔ ہائی کورٹ نے کنال کامرا کو ویلوپورم ضلع کے ونور میں واقع ضلع مجسٹریٹ کورٹ میں ضمانت کیلئے بانڈ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے اور معاملے کی شنوائی ۷؍ اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ جسٹس سریندر موہن نے کنال کامرا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کے وقت ان کی اس دلیل سے بھی اتفاق کیا کہ وہ راحت کیلئے مہاراشٹر کی عدالتوں سے رجوع نہیں ہوسکتے۔
چنئی ہائی کورٹ نے ممبئی پولیس سے جواب مانگا
کنال کامرا کو عبوری ضمانت دیتے ہوئے چنئی ہائی کورٹ نے ممبئی پولیس کو بھی نوٹس جاری کرکے اپنا موقف ۷؍ اپریل تک پیش کردینےکی ہدایت دی ہے۔ کنال کامرا کے وکیل نے ان کے خلاف ممبئی کے کھار میں درج ایف آئی آرپر اعتراض کرتے ہوئے کورٹ کو متوجہ کیا کہ ان کے موکل نے جوکچھ کہا وہ طنزومزاح کے زمرے میں آتاہے اور انہوں نے براہ راست کسی کا نام بھی نہیں لیا ہے۔ کامرا نے کورٹ کو بتایا ہے کہ وہ تمل ناڈو میں رہتے ہیں جبکہ ممبئی پولیس نے ان کے نام سمن ممبئی میں ان کے والدین کی رہائش گاہ پر بھیجا ہے۔کامرا نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے سمن کے تعلق سے ممبئی پولیس سے رابطہ کیا ہے، دوہفتوں کا وقت مانگا ہےاور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پوچھ تاچھ میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
سنجے امباداس دانوےکا بی جے پی پر طنز
اس بیچ شیوسینا (اُدھو) کے لیڈر امباداس دانوے نے شندے کو غدار کہنے پرمہاراشٹر بی جےپی لیڈروں کے واویلا مچانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے گہرا طنز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’اپنےشو میں کنال کامرا نے وزیراعظم مودی کو براہ راست نشانہ بنایا ہے مگر تب تو بی جے پی لیڈروں نے خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دی، اس وقت اسے برا نہیں لگا مگر وہی پارٹی گانے کے اس پیروڈی پر آگ بگولہ ہورہی ہے جس میں شندے کا نام تک نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ بی جےپی کامرا کو نشانہ بنانے کیلئے شندے کو ڈھالے کے طور پر استعمال کررہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ویڈیو میں ایک مقام پر کامرا نے چائے والے کے حوالے سے ایک طنز کیا ہے جو کافی شدید ہے اورسمجھا جاتا ہے کہ ا س کا نشانہ مودی ہیں۔ اس لطیفے کوسناتے ہوئے ہی کامرا نے کہہ دیا تھا کہ اس پر کوئی ایف آئی آر بھی نہیں کرسکتا۔ سمجھا جارہا ہے کہ امباداس دانوے کا اشارہ اسی لطیفے کی جانب ہے۔
شندے گروپ کی دھمکی
اس بیچ شیوسینا شندے گروپ کے لیڈر شمبھو راج دیسائی نے ممبئی پولیس پر کامرا کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شیوسینکوں کے تحمل کا امتحان نہ لے۔انہوں نے ممبئی پولیس کو دھمکی دی کہ ’’ہمیں شندے صاحب نے خاموش رہنے کیلئے کہا ہے ،اس لئے خاموش ہیںورنہ شیوسیناورکرکی حیثیت سے ہم جانتے ہیں کہ کامرا کو کیسے کھینچ کر باہر نکالنا ہے۔