لنگایت حمایت میںاُترے، جے پی نڈا نے یہ کہہ کر کنفیوژن بڑھا دیا کہ ’’وہ کرناٹک سرکار کواچھی طرح چلارہے ہیں‘‘
EPAPER
Updated: July 26, 2021, 11:24 AM IST | Agency | Benglaru
لنگایت حمایت میںاُترے، جے پی نڈا نے یہ کہہ کر کنفیوژن بڑھا دیا کہ ’’وہ کرناٹک سرکار کواچھی طرح چلارہے ہیں‘‘
کرناٹک کی بی جےپی سرکار میں قیادت کی تبدیلی کےتعلق سے غیریقینی صورتحال اتوار کو بھی دن بھر برقرار رہی، البتہ وزیراعلیٰ یدی یورپا نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں۔ دوسری طرف یدی یورپا کے استعفے کی بازگشت تیز ہوتے ہی لنگایت سماج ایک بار پھر ان کی حمایت میں سرگرم ہوگیا ہے۔ لنگایت سادھو سنتوں نے استعفیٰ کی مخالفت کی ہے۔ اس بیچ بی جےپی صدر جے پی نڈا نے یہ کہہ کر استعفیٰ کے امکان کو کم کردیا ہے کہ ’’وہ (یدی یورپا) اچھا کام کررہے ہیں، وہ کرناٹک کی حکومت کو اچھی طرح چلا رہے ہیں۔‘‘ اس کے برخلاف یدی یورپا کا کہنا ہے کہ وہ کرناٹک میں وزیراعلیٰ کے عہدہ پر برقرار رہیں گے یا نہیں اس کافیصلہ پیر کی صبح تک ہوجائےگا۔ ۷۸؍ سالہ لیڈر نے ہر دوصورتوں کیلئے خود کو تیار رکھتے ہوئے کہا ہےکہ وہ ابھی مزید ۱۰؍ سے ۱۵؍ سال بی جےپی کیلئے کام کریں گے۔ یہ بتاتے ہوئےکہ انہوں نے ۲؍ ماہ قبل ہی استعفیٰ کی پیشکش کی تھی، کرناٹک کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ’’میںآئندہ ۱۰؍ سے ۱۵؍ سال تک پارٹی کیلئے دن رات کام کروںگا ۔‘‘اس سوال پر کہ اگر مرکز سےکوئی پیغام نہ آیاتو وہ کیا کریںگے، یدی یورپا کا کہنا تھا کہ ’’اس صورت میں میں خود فیصلہ کروں گا۔‘‘اس سے قبل انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ وہ پارٹی قیادت کےفیصلے پر عمل کریں گے۔ بہرحال یدی یورپا کو ہٹانا بی جےپی کیلئے نقصاندہ ہوسکتاہے۔ کرناٹک کے لِنگایت سماج کے مذہبی لیڈروں نے اتوار کو پھر بی جے پی کی مرکزی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ یدی یورپا کو ہٹانے کے فیصلے پر نظر ثانی کر لے۔