• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چین پر۱۰؍ لاکھ تبتی بچوں کو والدین سے الگ کرنے کا الزام

Updated: August 28, 2023, 2:39 PM IST | Agency | Washington

چین کے بورڈنگ اسکولوں میں ان بچوں کو رکھا گیا ہے، امریکہ کا ذمہ دار چینی حکام پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

China is accused of wanting to integrate Tibetan children into Chinese society. Photo. INN
چین پر الزام ہےکہ وہ تبت کے بچوں کو چینی معاشرہ میں ضم کرنا چاہتا ہے ۔ تصویر:آئی این این

 امریکہ نے چین کے مزید حکام پر ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے تبت کے تقریباً۱۰؍لاکھ بچوں کو چینی معاشرے میں ضم کرنے کیلئے انہیں جبراََ اپنے خاندانوں سے الگ کر کے بورڈنگ اسکولوں میں رکھا۔امریکی حکام کے مطابق امریکہ تبت کے بچوں کو جبری طور پر چینی معاشرے میں ضم کرنے والے چینی اہل کاروں پر ویزا کی پابندیاں عائد کر رہا ہے۔
  واضح  رہے کہ اقوامِ متحدہ کے ماہرین کہہ چکے ہیں کہ تبت کے تقریباً۱۰؍ لاکھ بچوں کو ان کے خاندانوں سے الگ کیا گیا ہے۔امریکہ اور چین میں اعلیٰ سطح کی بات چیت کی بحالی کے باوجود بیجنگ پر واشنگٹن ڈی سی کی پابندیوں کے اقدامات جاری ہیں ۔چینی حکام پر حالیہ پابندیوں سے متعلق ایک بیان میں امریکہ کے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ چین کی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے بورڈنگ اسکولوں کی پالیسی کے پیچھے موجود حکام کے ویزوں کو محدود کرے گا۔وزیرخارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ جبری پالیسی کے تحت تبت کی نوجوان نسل میں مقامی زبان، ثقافت اور مذہبی روایات کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے چینی حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تبت کے بچوں کو حکومت کے زیرانتظام بورڈنگ اسکولوں میں لے جانے پر مجبور نہ کریں ۔قبل ازیں امریکہ ۲۰۲۱ء میں چین پر اس کے علاقے سنکیانگ میں نسل کشی کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے۔ امریکی حکام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کہتی رہی ہیں کہ سنکیانگ میں جبری مشقت کے کیمپوں کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جہاں ایغور اقلیت کے لوگوں کو رکھا جاتا ہے۔ چین اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔چین کے حکام پر عائد کی گئی حالیہ پابندیوں پر امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نئی پابندیوں کا اطلاق تبت میں تعلیمی پالیسی میں شامل موجودہ اور سابق اہلکاروں پر ہوگا۔ ترجمان نے ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی جو ان پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔
 ترجمان نے ویزا ریکارڈ کے بارے میں امریکہ کے رازداری قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے تفصیلات نہیں بتائیں ۔ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ چین اور وہاں کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے موجودہ یا سابق حکام اس پابندی کی زد میں آئیں گے۔یہ چینی حکام مذہبی لیڈروں ، نسلی گروہوں کے اراکین، حکومت کے مخالف افراد، مزدور لیڈروں ، سول سوسائٹی کے اراکین، انسانی حقوق کے وکلا اور صحافیوں کے خلاف جبری کارروائیوں یا پالیسی کے لیے ذمہ دار ہیں ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK