بیٹے کے ہوم ورک نہ کرنے پر باپ نے اسے ڈانٹا تو بیٹے نے پولیس کو شکایت کی کہ باپ کے پاس افیم موجود ہے
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 6:24 PM IST | Agency | Beijing
بیٹے کے ہوم ورک نہ کرنے پر باپ نے اسے ڈانٹا تو بیٹے نے پولیس کو شکایت کی کہ باپ کے پاس افیم موجود ہے
چین کے ننگزیا ہوئی صوبے کے رہنے والے ایک شخص کو اپنے بیٹے کو ڈانٹنا مہنگا پڑگیا۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق معاملہ یہ ہےکہ وہ شخص اپنے بیٹے کے اسکول ہوم ورک نہ کرنے سے ناراض ہوا۔ اس نے اپنے ۹؍سالہ بیٹے کو ڈانٹ ڈپٹ کی۔ بیٹا، باپ کی تلخ باتیں سن کر ایسا ناراض ہوا کہ اس نے پولیس کو فون کردیا۔ اتنا ہی نہیں بیٹے نے پولیس سے شکایت کی کہ اس کے والد کے پاس افیم موجود ہے۔ جس کے بعد پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی اور اس شخص کو حراست میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ نے کنیڈا اور میکسیکو پر اضافی ٹیرف۳۰؍دن کیلئے روک دیا، چین شامل نہیں
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ چین کے یونگنگ کاؤنٹی میں پیش آیا ہے۔ جہاں ۱۰؍ سالہ بچہ نے ہوم ورک مکمل نہیں کیا۔ جس کی وجہ سے اس کو والد نے ڈانٹا، ہوم ورک پر توجہ دینے کے بجائے بچہ قریبی اسٹور پر گیا اوروہاں سے اس نے پولیس کوفون کیا اورکہا کہ والد کے پاس گھر میں افیم موجود ہے۔ اس کے بعد بچہ گھر واپس آگیا جبکہ باقی خاندان پولیس کی آمد سے لاعلم تھا۔ پولیس اہلکاروں نے بچے کے گھر آکرجانچ کی اور انہیں بالکنی میں افیم کی۸؍سوکھی پھلیاں ملیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ والد نے انہیں دواؤں کے مقاصد کیلئے رکھنے کا اعتراف کیا لیکن چونکہ چین میں افیم رکھنا غیر قانونی ہے اس لئے حکام نے اس کی وضاحت کو نظرانداز کیا اور کیس کو انسداد منشیات محکمہ کے حوالے کردیا۔ افیم رکھنے کی پاداش میں اس شخص کو ۱۰؍ سے ۱۵؍ دنوں کی قید ہوسکتی ہے اور ساتھ ہی ۳؍ہزار یوآن جرمانہ بھی ادا کرنا پڑسکتاہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کے بعد بچے کے بارے میں تفصیلات چینی میڈیا نے ظاہر نہیں کی ہیں۔