• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہیواوے نے’ہارمونی او ایس‘ سے لیس میٹ۷۰؍فونز متعارف کرائے

Updated: November 27, 2024, 1:15 PM IST | Agency | Beijing

چین کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ہیواوے نے’میٹ ۷۰‘ سیریز کے نئے  فونز منگل کو متعارف کرائے ہیں۔

Users can be seen reviewing Mate 70 series devices. Photo: INN
میٹ ۷۰؍سیریز کے ڈیوائسیز کا جائزہ لیتے ہوئے صارفین دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

چین کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ہیواوے نے’میٹ ۷۰‘ سیریز کے نئے  فونز منگل کو متعارف کرائے ہیں۔ ان فونز کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں گوگل  کے اینڈرائیڈ کی بجائے چین میں ہی تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ’ہارمونی او ایس نیکسٹ‘ فراہم کیا ہے۔ اس اقدام سے ہیواوے نے   مغربی حریف کمپنیوں کے غلبے کو چیلنج کردیا ہے۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایپل کا آئی او ایس اور گوگل کا اینڈرائیڈ اس وقت زیادہ تر موبائل فونز میں استعمال ہوتا ہے، تاہم ہیواوے نے اپنے جدید ترین میٹ۷۰؍فونز میں اس ٹرینڈ کو بدلنے کی کوشش کی ہے اور یہ فونز کمپنی کے اپنے ہارمونی او ایس نیکسٹ پر چلتے ہیں۔
 رپورٹ کے مطابق  ہیواوے میٹ۷۰؍  منگل کی دوپہر شینزین میں ہیواوے کے ہیڈکوارٹر میں ایک کمپنی لانچ ایونٹ میں پیش کیا گیا ہے۔اس سیریز کے یہ نئے فونز’’میٹ۷۰، میٹ ۷۰؍پرو، میٹ ۷۰؍پرو پلس اور میٹ ۷۰؍ آرایس ‘‘ ہیں۔ہیواوے میٹ ۷۰؍ کے بنیادی ماڈل(ریم۱۲؍جی بی+اسٹوریج ۲۵۶؍جی بی) کی قیمت تقریباً۶۴؍ہزار ایک سوروپے ہے۔اس میں ۶ء۷؍ انچ کی ایل ٹی پی اولیڈ اسکرین دی گئی ہے۔اس میں ۵۵۰۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری موجود ہے۔  فی الحال یہ فونز چین میں ہی دستیاب ہوں گے اور دیگر ممالک میں کب تک دستیاب ہوں گے، ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے۔
 ہیواوے نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکے آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ۳۰؍ لاکھ سے زیادہ یونٹس کی پہلے ہی بکنگ ہو چکی ہے۔ پچھلے ورژن کے برعکس جو اینڈرائیڈ کے اوپن سورس کوڈ پر مبنی تھا، آپریٹنگ سسٹم ہارمونی نیکسٹ ان تمام ایپس کی مکمل طور پر نئے سرے سے پروگرامنگ کا تقاضا کرتا ہے ۔ ’انڈپینڈنٹ ‘ کی رپورٹ کے مطابق گیری نگ، نیٹکسز کے سینئر ماہر نے بتایا کہ’ ’ہارمونی نیکسٹ پہلا مکمل مقامی طور پر تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ہے جو چین کیلئے  مغربی ٹیکنالوجیز پر انحصار کم کرنے اور سافٹ ویئر کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے ایک سنگ میل ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK