• Fri, 21 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیوشن کلاسیس میں آتشزدگی کے بعد شہری انتظامیہ کی سخت کارروائی

Updated: February 19, 2025, 10:45 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

گرو دیو پلازہ عمارت سیٖل کردی،دکانوں اور دفاتر کے مالکان کوفائر آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم

After sealing the building, municipal officers stand at the entrance gate.
عمارت کوسیٖل کرنے کے بعدمیونسپل افسران داخلی گیٹ پرکھڑے ہیں۔

یہاں شہری انتظامیہ نے گرو دیو پلازہ عمارت کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دیر رات سیٖل کردیا  ۔ انتظامیہ نے عمارت میں موجود دکانوں، کوچنگ کلاسیس اور دفاترکے مالکان کو نوٹس دے کر عمارت کا فائر آڈٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پریشی نے بتایا کہ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے سخت موقف اپناتے ہوئے اعلان کیا کہ اگراس حادثے میں کسی کی لاپروائی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 واضح ہوکہ منگل کی شام بھیونڈی کی مصروف بھاجی مارکیٹ میں واقع گرو دیو پلازہ شاپنگ کمپلیکس کی دوسری منزل پر موجود وین کوچنگ کلاسیس میں خوفناک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیاتھا۔ حادثے کے وقت اندر موجود طلبہ کو مقامی نوجوانوں نے جان پر کھیل کر بحفاظت باہر نکالا  جس کے بعد فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔یہ شاپنگ کمپلیکس مختلف کوچنگ سینٹرز اور دفاتر پر مشتمل ہے جبکہ گراؤنڈ فلور پر ٹھکر سویٹ نامی مٹھائی اور فوڈ شاپ قائم ہے  جہاں ایک بھٹّی بھی چل رہی تھی۔ تاہم عمارت میں کسی بھی قسم کی فائر سیفٹی کا انتظام نہیں تھا۔ اس سنگین لاپروائی کو دیکھتے ہوئے میونسپل کمشنر انمول ساگر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پوری عمارت کو سیل کرنے کا حکم دیا۔حکم کی تعمیل میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر بالارام جادھو، فائر بریگیڈ چیف راجیش پاور، آفس سپرنٹنڈنٹ سمیر جاورے اور لینڈ کلرک ابھیجیت تانبے  نے عمارت کو سیل کردیا۔ مزید برآں شہر کے تمام تعلیمی اور تجارتی اداروں کو فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔احتیاطی تدابیر کے تحت وِن ٹاپ کلاسیز کو تاحکمِ ثانی سیل کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK