Inquilab Logo Happiest Places to Work

مضافاتی ریل کی سروسیز بڑھانے کے لئے اہم پیش رفت کا دعویٰ

Updated: April 12, 2025, 12:28 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

وزیر ریل اور وزیر اعلیٰ کی مشترکہ پریس کانفرنس۔ پرانے پروجیکٹس کو نئے انداز میں گنوایا گیا ۔ بارش میں ٹرینیں نہ رکنے کا دعویٰ۔

Railway Minister Ashwini Vaishnoi (right) and Chief Minister Devendra Fadnavis. Photo: INN
وزیر ریل اشونی ویشنو (دائیں)اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

مضافاتی ریل کی سروسیز بڑھانے کیلئے اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اس میں بہتر اور سہولت والا سفر، اعلیٰ تکنیک اور بہتر رکھ رکھاؤ وغیرہ شامل ہیں۔ اس طرح ریلوے نظام کو مزید مربوط کیا جائے گا۔ اس کیلئے جمعہ ۱۱؍ اپریل کو جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں وزیر ریل اشونی ویشنو اور ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ اس کانفرنس میں کئی پروجیکٹوں کے ساتھ  یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ایک ہی کارڈ سے ریل، میٹرو، مونوریل اور بیسٹ بس کا سفر ممکن ہوگا۔یاد رہے کہ اس کارڈ کی تعلق سے کئی سال قبل بھی اعلان کیا جاچکا ہے کہ اس تعلق سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اب پھر اس کا اعلان کیا گیا ہے۔
 اس پریس کانفرنس کے وزیر ریل نے بتایا کہ مضافاتی ریل خدمات کیلئے۱۷؍ہزار کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹ تیز رفتاری سے جاری ہیں اور ۳۰۰؍ کلو میٹر نئی ریل پٹریاں بچھانے کا کام بھی جاری ہے جس سے ریل لائنوں کا بوجھ کم‌ ہوگا۔ اسی طرح بہتر تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے کوچ لانچ کیا جائے گا۔ اس سے ۲؍ ٹرینوں کے درمیان کا وقفہ کم ہوگا اور حفاظت بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ عنقریب ۲۳۸؍اے سی لوکل شروع کی جائیں گی جس سے ممبئی کے لوکل مسافروں کو خاص سہولت ہوگی۔
 اس وقت مہاراشٹر میں ۱۳۲؍ اسٹیشنوں کی تجدید کاری کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ بھساول ، گوندیا اور مراٹھواڑہ وغیرہ میں جاری اسکیموں کا بھی ذکر کیا گیا اور یہ ظاہر کیا گیا کہ مہاراشٹر میں اب تک کی سب سے بڑی ریلوے میں ۱۷۳۸۰۴؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ احمد آباد ممبئی بلٹ ٹرین پروجیکٹ اور اسٹیشن کی تعمیر سے زبردست تبدیلی آنے کی بات دہرائی گئی جو متعدد مرتبہ دہرائی جاچکی ہے۔ یاد رہے کہ پریس کانفرنس میں بیان کردہ بیشتر پروجیکٹ پرانے ہیں اور مہینوں بلکہ بعض پربرسوں سے کام چل رہا ہے مگر بیان اس انداز میں کیا گیا جیسے سب کچھ ابھی کیا جارہا ہو اور ممبئی و مہاراشٹر والوں کو بڑی سوغات دی گئی ہو جبکہ حقیقت بالکل برعکس ہے۔اس موقع پر وزیر ریل نے یہ بھی کہا کہ واٹر پروف پوائنٹ سسٹم ڈیولپ کیا گیا ہے، اس سے پٹریوں پر پانی بھرنے سے بھی ٹرینیں نہیں رکیں گی۔ بارش میں دیکھنا ہوگا کہ صحیح معنوں میں اس واٹر پروف سسٹم‌ کا کس قدر ممبئی واسیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK