Inquilab Logo

اومیکرون سے نمٹنے اور ریلوے اسپتالوں میں بہتر علاج کیلئے تمام تیاریوں کا دعویٰ

Updated: January 14, 2022, 9:17 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

بچوں کیلئے خصوصی وارڈ قائم، اوٹی، آئی سی یو اور لیبر روم کو اپ گریڈ کیا گیا۔ جنرل منیجر نے کہا بہتر علاج کی تمام سہولتیں اور آلات مہیا کروائے گئے

Medical personnel of Jagjivan Ram Hospital removing a patient from the ambulance. File photo
جگجیون رام اسپتال کے طبی اہلکارایک مریض کوایمبولنس سے نکالتے ہوئے۔فائل فوٹو

 اومیکرون کے بڑھتےمعاملات سے حکومت فکر مند ہے اور مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایسے میں ریلوے اسپتالوں میں اس مرض سے نمٹنے اور اس سے متاثر ہونے والوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولتیں مہیا کرانے کے لئے تمام تیاریوں کا جنرل منیجرس نے دعویٰ کیا ہے۔ ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے کے جنرل مینیجروں کے مطابق پورے ڈویژن کے تمام ریلوے اسپتالوں کا جائزہ لے کر اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر جدید آلات آکسیجن، خصوصی وارڈ، اور ڈاکٹروں سے صلاح و مشورے کے بعد دیگر اقدامات کئے  گئے ہیں۔
  ویسٹرن ریلوے کے جنرل مینیجر آلوک کنسل نے بتایا کہ ممبئی سینٹرل میں واقع جگ جیون رام اسپتال میں کووڈ پازیٹیو مریضوں کے لئے ۹۰؍  بیڈ ہیں،۳۰؍ بیڈ ایسے  مریضوں کے لئے ہیں جن کو کووڈ علامات کے سبب مشتبہ سمجھا جاتا ہے۔ بچوں کی نگہداشت والے شعبے میں کووڈ پازیٹیو کیلئے ۱۰؍ بیڈ مختص کئے گئے ہیں اور۵؍ بچوں کے امراض سمیت۲۰؍ آئی سی یو کووڈ بیڈ وینٹی لیٹر کے ساتھ مہیا کروائے گئے ہیں۔ یہاں ۱۵۰؍  بیڈ سائیڈ آکسیجن سپورٹیڈ ہیں۔ اس کے علاوہ جگ جیون رام اسپتال میں کووڈ سے متعلق انتظامات کے لئے آکسیجن سمیت مختلف آلات اور دوائیں بھی وافر مقدار میں مہیا کروائی گئی ہیں۔
  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویسٹرن ریلوے کے پورے ڈویژن میں اسپتالوں میں تیاریوں سے متعلق پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی دیا گیا۔ اس موقع پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ، کووڈ پازیٹیو اور شدت سے جو مریض زیادہ متاثر ہیں ان‌کی تعداد،  ڈسچارج کئے گئے مریضوں کی تعداد،  ٹیکہ کاری کی صورتحال اور ویسٹرن ریلوے کی سبھی اکائیوں میں  ٹیکہ کاری کی صورتحال کی یومیہ نگرانی کرنے کے لئے بھی ریلوے اسپتالوں کے افسران کو احکامات دئیے گئے۔ سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر انل کمار لاہوٹی نے بتایا کہ بائیکلہ میں واقع بابا صاحب امبیڈکر اسپتال اور ڈویژن کے دیگر اسپتالوں میں اومیکرون کے کیسیز آتے ہی تیاریاں شروع کر دی گئی تھیں ۔ اسپتالوں کے ڈائریکٹرز نے ان خطرات کے پیش نظر معالجین کے مشورے سے مزید تیاریاں کیں۔ چنانچہ اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ اومیکرون سے نمٹنے کیلئے ریلوے اسپتالوں میں تیاریاں اطمینان بخش ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK