• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

واضح اکثریت پھر بھی حکومت سازی میں تاخیر، آج فیصلہ

Updated: November 26, 2024, 10:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزارت اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ملنا تقریباً طےمگرایکناتھ شندے کو منانا بھی ضروری، ممبئی میں کئی میٹنگوں میں ناکامی کے بعد سابق وزیراعلیٰ دہلی پہنچے، کوئی حل نکالنے کی کوشش۔

Devendra Fadnavis reached Delhi on Monday while Ajit Pawar and Shinde may also arrive. Photo: INN
دیویندر فرنویس پیر کو دہلی پہنچ گئے جبکہ اجیت پوار اور شندے بھی پہنچ سکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں تاریخی فتح  اور ۲۸۸؍ میں سے ۲۳۵؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کے باوجود مہایوتی پیر کو بھی   ریاست کے  اگلے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرسکی نہ  یہ  بتا سکی کہ نئی حکومت کی حلف برداری کب ہوگی۔  ذرائع کے مطابق شیوسیناایکناتھ شندے کو وزارت اعلیٰ پر برقرار رکھنے کے مطالبے پر مصر ہے اور اس کیلئے بہار فارمولے کا حوالہ دے رہی ہے۔دوسری جانب  بی جےپی کے ذرائع کے مطابق پارٹی اس بات پر متفق ہے کہ اگلے وزیراعلیٰ  دیویندر فرنویس ہوں گے۔ فرنویس پیر کی صبح ہی دہلی پہنچ گئے ہیں جبکہ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے بھی  پیر کی شام دہلی روانہ ہوجانے کی اطلاعات ہیں۔ 
بی جےپی اعلیٰ کمان کےساتھ میٹنگ
مہاراشٹر بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر فرنویس اور ان کے بعد مہا یوتی میں شامل شیو سینا کے سربراہ ایکناتھ شندے اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار کی دہلی میں  بی جےپی کے اعلیٰ کمان کے دربار میں حاضری کاسلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اعلیٰ کمان یعنی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی مہر لگنے بعد منگل کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ بی جےپی کے فارمولے کے مطابق    دیویندر فرنویس وزیراعلیٰ  ہوں گے جبکہ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ ہوں گے۔ 
ایکناتھ شندےکی ناراضگی
 شیوسینا کے ذرائع کے حوالے سے ملنےوالی اطلاعات  کے مطابق ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں  ہے۔ اس لئے اگر کوئی بات نہیں بنتی تو بہت ممکن ہے کہ شیوسینا (شندے) کا کوئی اور لیڈر نائب وزیراعلیٰ  کے طور پر حلف لے  اور ایکناتھ شندے ریموٹ کنٹرول کی ذمہ داری نبھائیں۔بہرحال بی جے پی کی اعلیٰ  قیادت انہیں نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول کرنےکیلئے منانے کی کوشش کررہی ہے۔ 
 وزارتوں کی تقسیم کا فارمولہ
 مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ۱۳۲؍سیٹیں ملی ہیں اور ۵؍ آزاد امیدواروں نے   دیویندر فرنویس کو وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح بی جے پی کے پاس کل ۱۳۷؍ ایم ایل اے ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایکناتھ شندے کی شیو سینا کو ۵۷؍ سیٹیں ملی ہیںجبکہ اجیت پوار کی این سی پی نے ۴۱؍  سیٹوں پر فتح درج کرائی ہے۔بی جے پی ذرائع کے مطابق منتخب ہونے والے اراکین کی تعداد کے اعتبارسے وزارت کا قلمدان تقسیم کیاجائے گااور وزیر اعلیٰ سمیت کل ۲۰؍ وزیرایک ساتھ حلف لے سکتے ہیں ان میں بی جے پی کے ۱۰، شیو سینا او راین سی پی کے ۵۔۵؍ وزیر ہوں گے ۔
دیویندر فرنویس کیلئے لابنگ
 وزیر اعلیٰ کے عہدے کے تعلق سے بی جے پی کے سینئر لیڈر پروین دریکر نے کہا کہ ’’ وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے ایسا لیڈ ر ہوناچاہئےجسے انتظامیہ اور سیاست دونوں کا بھر پور علم ہو اور چونکہ دیویندر فرنویس وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں اس لئے وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے بالکل قابل شخصیت ہے اور اسی لئے ہمیں امید ہے کہ انہیں ہی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز کیاجائے گا اسی دوران شیو سینا ( شندے) کے رکن پارلیمان و ترجمان نریش مہسکے نےمطالبہ کیا ہےکہ بہار کی طرز پر مہاراشٹر میں بھی ایکناتھ شندے کو وزیر اعلیٰ بنایاجاناچاہئے۔ اس بیچ  اجیت پوار سے  نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’’ قلمدانوں کی تقسیم کیلئے کوئی فارمولہ نہیں بنایاگیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK