• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کے ساتھ کوچ راہل دراوڑ کا سفر ختم، کھلاڑیوں کا جذباتی الوادع

Updated: July 03, 2024, 10:25 AM IST | Agency | New Delhi

راہل کا سفر فاتح کوچ کے طور پر مکمل ہوا، ڈریسنگ روم میں ٹیم کے سامنے اپنی آخری تقریر میں آنسو چھلک گئے، حمایت کیلئے روہت شرما کا شکریہ ادا کیا۔

Rahul Dravid. Photo: INN
راہل دراوڑ۔ تصویر : آئی این این

 ٹیم انڈیا کے کوچ اور سابق مایہ ناز بلے باز راہل دراوڑ کا بھی ٹیم انڈیا کے ساتھ سفر ختم ہو گیا۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ رہے راہل کی میعاد بھی مکمل ہو گئی۔ اب ہندوستانی ٹیم کو نیا ہیڈ کوچ ملے گا لیکن اس سے قبل ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے راہل دراوڑ کو جذباتی الوداع دیا اور ان کی عظمت کا اعتراف بھی کیا۔ ٹیم کو الوداع کہنے سے پہلے دراوڑ نے ڈریسنگ روم میں ٹیم کے سامنے آخری تقریر کی جس میں وہ کافی جذباتی ہوگئے اور کئی مرتبہ ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ اس سلسلے میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کے ہی بنائے گئے ویڈیو وائرل ہوئے ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راہل جذباتی انداز میں کھلاڑیوں سے مخاطب ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے چمپئن بننے کے بعد راہل نے ڈریسنگ روم میں منعقدہ الوداعی تقریب میں کہا کہ مجھے اس شاندار یاد کا حصہ بنانے کے  لئے آپ سبھی کا شکریہ۔ آپ سب اس لمحے کو ہمیشہ  یاد رکھیں گے۔ ممکن ہے کہ آپ اپنا کیریئر یاد نہ رکھیں لیکن اس طرح کے مواقع یاد رکھیں گے۔
راہل نے کہا کہ میں آپ سبھی کے تئیں انتہائی فخر محسوس کررہا ہوں کیوں کہ جس طرح سے آپ نے میچ کا پانسہ پلٹا، جس طرح آپ نے مقابلہ کیا اور امید کا دامن نہ چھوڑتے ہوئے اپنے آپ کو میچ میں برقرار رکھا وہ بہت خاص تھا۔  اس دوران راہل نے ۲۰۲۳ء ورلڈکپ فائنل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جہاں یہ جیت بہت حوصلہ دلاتی ہے وہیں کچھ ناامیدی بھی ہاتھ لگی جہاں ہم کپ کے بہت قریب آئے لیکن لائن پار نہیں کرسکے۔ راہل دراوڑ نے مزید کہا کہ ٹی ٹوینٹی میں ہمارے لڑکوں نے جو کیا، معاون اسٹاف نے جس طرح آپ لوگوں کو فٹ رکھا، سخت محنت کی اور جو قربانی ہم نے دی اس کا صلہ ہمیں ملا۔ اب میرے ساتھ ساتھ پورے ملک کو آپ سبھی پر فخر ہے۔ راہل نے کھلاڑیوں کو یاد دلایا کہ سبھی کو کھیل کے اس اسٹیج تک پہنچانے میں والدین، اہل خانہ، بچے، دوست، رشتے دار یہاں تک کہ ایک عام آدمی کی دعائوں نے بھی کام کیا۔ اس لئے اب آپ یہ قربانیاں یاد رکھیں اور مزید بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔ میں اب آپ لوگوں کے درمیان نہیں رہوں گا لیکن بہت سی بہترین یادیں میرے ساتھ ہوں گی۔ 
اس دوران راہل دراوڑ نے خاص طور پر ٹیم کے کپتان روہت شرما کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ۲۰۲۳ء کے ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد راہل دراوڑ ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونا چاہتے تھے لیکن روہت شرما نے انہیں عہدے پر برقرار رہنے کے لئے آمادہ کیا۔ اس موقع پر راہل نے کہا کہ’’روہت، مجھے نومبر میں وہ کال کرنے کے  لئے اور مجھے کوچ کے عہدے پر برقرار رہنے پر آمادہ کرنے کے لئے تمہارا بہت شکریہ۔‘‘ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کی فتح کے بعد روہت شرما، وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجہ نے بھی ٹی ٹوینٹی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK