• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کوسٹل روڈکا حاجی علی سے ورلی تک کا راستہ گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا

Updated: July 12, 2024, 10:37 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

صبح ۷؍بجے سے رات ۱۱؍ بجے تک آمدورفت کی اجازت ہوگی۔ پروجیکٹ کی تکمیل کیلئےسنیچر اور اتوار اسے بند رکھا جائے گا۔

Vehicles are passing through the opened coastal road from Haji Ali to Worli. Photo: Inquilab
حاجی علی سے ورلی تک کھولے گئے کوسٹل روڈ کے راستےسےگاڑیاں گزررہی ہیں۔ تصویر: انقلاب

حاجی علی سے ورلی میں خان عبدالغفار خان روڈ تک چھترپتی سنبھاجی مہاراج کوسٹل روڈ پروجیکٹ کی ساڑھے ۳؍ کلو میٹر طویل سڑک کے شمال کی جانب کے حصہ کو جمعرات کی صبح ۷؍ بجے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا۔ اس پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے میں اس راستے کے شروع ہونے سے حاجی علی اور باندرہ- ورلی سی لنک کے درمیان راستے پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔
اس سلسلے میں ٹریفک پولیس محکمہ نے عوام کو مطلع کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’دھرم ویر سوراجیہ رکشک چھترپتی سنبھاجی مہاراج مارگ (کوسٹل روڈ) کے شمالی حصہ کو شروع کردیا گیا ہے جس پر مرین ڈرائیو (پرنسس اسٹریٹ بریج)، امرسن گارڈن اور بیرسٹر راجانی پٹیل چوک (لوٹس جنکشن) سے داخل ہوا جاسکتا ہے اور اس سے باہر نکلنے کا راستہ ساگر ترنگ بلڈنگ (ورلی سی فیس) پر دیا گیا ہے۔
بی ایم سی کے مطابق فی الحال یہ راستہ پیر سے جمعہ تک روزانہ صبح ۷؍ بجے سے رات ۱۱؍ بجے تک ہی کھلا رکھا جائے گا اور سنیچر اور اتوار کو اسے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا تاکہ بچے ہوئے کام کو پورا کرکے کوسٹل روڈ رپروجیکٹ کو مکمل کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو یہ سڑک شروع کئے جانے سے قبل   وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بدھ کو اس حصہ کا جائزہ لیا تھا۔ اس وقت ان کے ساتھ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اس وقت کہا تھا کہ کوسٹل روڈ کا کام تقریباً ۹۱؍ فیصد مکمل کیا جاچکا ہے اور انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ باقی حصہ کو بھی جلد از جلد مکمل کرلیں۔
 یاد رہے کہ سب سے پہلے ۱۱؍ مارچ ۲۰۲۴ء کو پہلے مرحلے میں جنوب کی جانب کے حصہ کو مرین ڈرائیو میں بِندو مہادیو چوک سے ورلی تک ساڑھے ۹؍ کلو میٹر طویل راستے کو شروع کیا گیا تھا۔اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ۱۰؍ جون ۲۰۲۴ء کو شمالی طرف مرین ڈرائیو سے حاجی علی پر لوٹس جنکشن کے درمیان ۶ء۲۵؍ کلو میٹر کے حصہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔
 اب تیسرے مرحلے میں جمعرات ۱۱؍ جولائی کو ساڑھے ۳؍ کلو میٹر کے راستے کو شروع کردیا گیا ہے تاکہ جنوبی ممبئی سے سی لنک پر پہنچنا آسان ہوجائے۔
یاد رہے کہ موجودہ پروجیکٹ بی ایم سی کے ذریعہ تعمیر کیا جارہا ہے جس کا مقصد جنوبی ممبئی سے براہِ راست باندرہ ورلی سی لنک پر جانے کا راستہ فراہم کرنا ہے۔ اس طرح جنوبی ممبئی سے باندرہ ورلی سی لنک کے ذریعہ مضافات میں جانا آسان ہوجائے گا۔اس پروجیکٹ کی تعمیر ۱۳؍ اکتوبر ۲۰۱۸ء میں شروع کی گئی تھی جس کی لاگت ۱۳؍ہزار ۹۸۳؍ کروڑ روپے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK