• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کوسٹل روڈ: مرین ڈرائیو کو سی لنک سے جوڑ دیا گیا

Updated: September 13, 2024, 11:13 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں افتتاح ۔ باندرہ ورلی سی لنک تک ۱۰؍ منٹ میں پہنچا جاسکے گا۔ باقی ماندہ پروجیکٹ مکمل کرنے کیلئے سنیچر اور اتوار کو راستہ بند رہے گا۔

Chief Minister Eknath Shinde, Deputy Chief Minister Devendra Farnavis and other leaders while inaugurating the coastal road. Photo: INN
کوسٹل روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس اور دیگر لیڈران۔ تصویر : آئی این این

جمعرات کووزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کوسٹل روڈ کے شمال کی طرف جانے والے حصہ پر ’بو اِسٹرنگ آرک بریج‘ یا ’باندرہ کنکٹر‘ کا افتتاح کیا اور جمعہ (آج)سے اسے گاڑیوںکیلئے کھول دیا جائے گا۔ کوسٹل روڈ کے اس حصہ کے شروع ہونے سے لوگ مرین ڈرائیو سے باندرہ ورلی سی لنک محض ۱۰؍ منٹ میں پہنچ سکیں گے اور اس کے آگے بغیر کسی سگنل کا سامنا کئے ممبئی ایئر پورٹ کے ٹرمنل- ۲؍ پر پہنچنا ممکن ہو سکے گا۔ باقی ماندہ پروجیکٹ مکمل کرنے کیلئے سنیچر اور اتوار کو راستہ بند رہے گا۔
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ ’’باندرہ کنکٹر کا جو افتتاح کیا گیا ہے، اس سے مرین ڈرائیو سے باندرہ ورلی سی لنک پر محض ۱۰؍ منٹ میں پہنچنا ممکن ہوسکے گا۔ اب تک اس سفر میں ۴۵؍ منٹ سے ایک گھنٹہ صرف ہوتا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ اس راستے کی وجہ سے لوگوں کے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت ہوگی جس کی وجہ سے وہ اپنے دفاتر اور گھر دونوں جگہوں پر جلدی پہنچ سکیں گے ۔‘‘آئندہ کے منصوبے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس بریج کے دوسرے حصے کو بھی کھول دیا جائے گا۔ 
 افتتاحی تقریب کے بعد دیویندر فرنویس نے اس بریج پر کار چلائی اور اس وقت ایکناتھ شندے ان کے بازو کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے۔
 اس ’بو اسٹرنگ آرک بریج‘ کا وزن تقریباً ۲؍ ہزار میٹرک ٹن، طوالت ۱۳۶؍ میٹر، چوڑائی ۱۸؍ میٹر اور اونچائی ۲۹ء۵؍میٹر ہے۔ اس کے بازوسے گزرنے والے بریج، جس کا بی ایم سی کے مطابق دسمبر ۲۰۲۴ء میں افتتاح کیا جائے گا، وزن ۲؍ ہزار ۴۰۰؍ میٹرک ٹن، طوالت ۱۴۳؍ میٹر، چوڑائی ۲۷؍ میٹر اور اونچائی ۳۱؍ میٹر ہے۔ جمعرات کو اس کوسٹل روڈ کے چوتھے مرحلے کا افتتاح کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ ۱۱؍ مارچ ۲۰۲۴ء کو پہلے مرحلے میں جنوب کی جانب کے حصہ کو مرین ڈرائیو میں بِندو مہادیو چوک سے ورلی تک ساڑھے ۹؍ کلو میٹر طویل راستے کو شروع کیا گیا تھا۔ دوسرے مرحلے میں ۱۰؍ جون کو شمال کی طرف مرین ڈرائیو سے حاجی علی پر لوٹس جنکشن کے درمیان ۶ء۲۵؍ کلو میٹر کے حصہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ تیسرے مرحلے میں ۱۱؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو ساڑھے ۳؍ کلو میٹر کے راستے کو شروع کیا گیا تھا ۔ اب جمعرات کو اس بریج کا افتتاح کیا گیا ہے۔
 اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس نے اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے کا سہرا بی جے پی کی اقتدار والی مرکزی اور موجودہ ریاستی حکومت کے سر باندھا۔  انہوںنے کہا کہ کانگریس کے دوران حکومت میں ۲۵؍ برس تک اس پروجیکٹ کیلئے ضروری منظوری نہیں مل رہی تھی لیکن ان کی حکومت آنے کے بعد پروجیکٹ کو منظوری ملی۔ انہوں نے یہ   دعویٰ بھی کیا کہ ریاست میں ایم وی اے کی حکومت آنے پر یہ پروجیکٹ تھم گیا تھا لیکن دوبارہ ان کی حکومت آنے پر کام تیزی سے مکمل ہورہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK