• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

قلابہ: مصروف فٹ پاتھ کے اسٹال بی ایم سی نے بندکروا دیئے

Updated: January 12, 2024, 9:47 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

’ممبئی ٹرانس ہاربرلنک ‘کے افتتاح کے پروگراموں کے پیش نظر۱۴؍ جنوری تک کاروبار کی اجازت نہیں ۔ دکاندارپریشان۔ خریداروں اور سیاحوں سے بھری رہنے والی فٹ پاتھ ویران۔

There is not a single stall holder to be seen on the footpath of Qalaba Causeway beyond the Regal Cinema, which is always thronged with shoppers. Photo: INN
ریگل سنیما سے آگے قلابہ کازوے کی فٹ پاتھ پرکوئی بھی اسٹال والا نظرنہیں آرہا ہےجبکہ یہاں خریداروں کی ہمیشہ زبردست بھیڑ رہتی ہے۔ تصویر : آئی این این

آج وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے سب سے طویل سمندری راستے ’ایم اٹی ایچ ایل‘ (ممبئی ٹرانس ہاربر لنک) اور ممبئی میں دیگر کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے والے ہیں۔اسی طرح سنیچر اور اتوار کو مرین ڈرائیو پر فضائیہ ’ایئر شو‘ ہونے والا ہے جس سے عوام میں تو خوشی پائی جارہی ہے لیکن ان پروگراموں کی وجہ سے قلابہ کے مصروف ترین فٹ پاتھ پر اسٹال اور باکڑے لگانے والے سیکڑوں افراد کا ایک ہفتے کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے جس سے وہ کافی پریشان ہیں۔ اگرچہ یہاں فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے بیشتر افراد میں کام بند ہونے کی وجہ سے ناراضگی اور بے چینی پائی جارہی ہے لیکن بی ایم سی کی کارروائی کے خوف سے ان میں سے کوئی بھی شخص شناخت ظاہر کرکے گفتگو کرنے پر تیار نہیں ہے۔ جس فٹ  پاتھ پر کاروبار کرنے سے بی ایم سی نے منع کیا ہے ، وہ خریداری اور سیاحوں سے بھری رہتی تھی جس سے وہاں راستہ چلنا بھی مشکل ہوجاتا تھا۔
 ریگل سنیما سے آگے قلابہ کاز وے کی طرف فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ یہاں تقریباً ۲۰۰؍ اسٹال لگتے ہیں اور بی ایم سی نے جمعہ، سنیچر اور اتوار کو ہونے والے پروگراموں کیلئے پیر سے ہی انہیں بند کروادیا اور سب کو کہہ دیا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص آئندہ پیر سے پہلے اسٹال یا باکڑا نہ لگائے اور نہ ہی چلتے پھرتے کوئی سامان فروخت کرنے کی کوشش کرے۔ انہیں سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔یہاں صرف پکی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 
 پیر سے کاروبار کی اجازت نہ ملنے کے سبب جمعرات کو یہاں کام کرنے والے افراد ندارد تھے۔ بمشکل جو افراد مل گئے، ان کا سوال ہے کہ جو لوگ فٹ پاتھ پرکاروبار کرتے ہیں انہیں جبراً ایک ہفتہ کام سے روک دینا کہاں کا انصاف ہے؟ ان میں سے ایک شخص نے کہا کہ ’’ہماری آمدنی اتنی نہیں ہوتی کہ ایک ہفتہ کام بند رکھنا برداشت کرسکیں لیکن شہری انتظامیہ نے سختی سے ایک ہفتہ کام بند رکھنے کو کہا ہے اس لئے مجبوراً چھٹی کرنی پڑی  ورنہ گھر کے اخراجات، بچوں کی پڑھائی، بہت سے لوگوں کو دوائوں کا خرچ برداشت کرنا پڑتا ہے، یہ سب کیسے پورا ہوگا۔ سرکاری افسران کو ان سب باتوں کا دھیان رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کرنا چاہئے تھا۔‘‘
 یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو صرف ایم ٹی ایچ ایل کا ہی نہیں بلکہ دیگر کئی اہم پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے والے ہیں جن میں جنوبی ممبئی میں ایسٹرن فری وے سے آنے والی   گاڑیوں کو مرین ڈرائیو پر واقع کوسٹل تک پہنچنے کیلئے راستہ فراہم کرنے کی غرض سے اورینج گیٹ سے مرین ڈرائیو کے درمیان سرنگ کی سنگ بنیاد رکھنا بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ نوی ممبئی میں میٹرو لائن وَن، وسئی ویرار اور میرا بھائندر کیلئے   ’سوریہ واٹر سپلائی پروجیکٹ‘ (جو ۸۸؍ فیصد مکمل ہوچکا ہے) کا افتتاح، سی ووڈ -بیلاپور-اُرن   ٹرین سروس کی چوتھی لائن (دوسرا مرحلہ) شروع کرنا، ویسٹرن لائن کی چھٹی لائن کا افتتاح اور سینٹرل ریلوے لائن پر ’دیگھا اسٹیشن‘ کا افتتاح بھی اس میں شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK