Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

الیکشن ڈیوٹی پر مامورعملہ کا پوسٹ بیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی کے استعمال کا آغاز

Updated: May 14, 2024, 6:29 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

۲۰؍ مئی کو ۵؍ ویں مرحلے کے تحت ووٹنگ سے قبل محکمہ پولیس، اسکول کے اساتذہ نیز دیگر سرکاری محکموں سے وابستہ افسران اور ملازمین پوسٹ بیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔

The Chief Electoral Officer of Maharashtra has posted this photo on X. Photo: INN
مہاراشٹر کےچیف الیکٹورل آفیسرکے آفس نے یہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی ہے۔ تصویر : آئی این این

شہر اور مضافات کے علاوہ تھانے، نوی ممبئی، کلیان، بھیونڈی، پالگھر اور ریاست  کے دیگر شہروں میں ۵؍ ویں مرحلہ میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں جہاں ایک طرف شہری حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ، وہیں دوسری طرف ۲۰؍ مئی کو ہونے والے لوک سبھا چناؤ کیلئے حفاظتی دستہ میں شامل پولیس افسران  اور اہلکاروں کے علاوہ اسکول اور کالج کے اساتذہ کےساتھ ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے ان افسران و ملازمین کو جنہیں الیکشن ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے، نے ۲۰؍ مئی سے قبل ہی پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ دیناشروع کر دیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ۳؍ لاکھ سے زائد سرکاری افسران  اور ملازمین پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
عروس البلاد ممبئی  اور اطراف میں لوک سبھا انتخابات کے ۵؍ ویں مرحلہ میں ہونے والی ووٹنگ سے قبل سرکاری ملازمین  نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ دینا شروع کر دیا ہے جن میں پولیس ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ عازم سے دورانِ حج یاد آنے پر صرف دعا کرنے کی درخواست کی جاتی ہے‘‘

انتخابی ڈیوٹی پر مقرر کئے جانے والے مختلف سرکاری ، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کیلئے شہر میں الگ الگ مقامات پر سینٹرز بنائے گئے ہیں، ان سینٹروں میں سے چند سینٹر زمیں بھی اتوار کو پولیس، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور دیگر سرکاری محکموں سے وابستہ افسران و ملازمین کیلئے پوسٹلبیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی استعمال کرنے کا انتظام کیا گیا تھا جن میں’ گوریگاؤں بمبئی ویٹرنری کالج کا سب کیمپس‘ اور ’کنوجا اسکول اندھیری‘  کے سینٹرزشامل ہیں ۔پولیس ، اساتذہ اور دیگر سرکاری محکموں سے وابستہ جنہیں الیکشن ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے ، کو ٹریننگ کے دوران فارم ۱۲؍ پر کرایا گیا تھا تاکہ وہ پوسٹلبیلٹ کے ذریعہ ووٹ دینے کے اپنے حق کا استعمال کر سکیں ۔ہر علاقے میں الیکشن ڈیوٹی کے اعتبار سے سرکاری محکموں کے افسران ، پولیس اور اساتذہ کو سینٹرز میں جاکر ۲۰؍ مئی کو انتخابات سے قبل الگ الگ تاریخوں میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہے۔
  اس ضمن میں ریاست کے چیف  الیکٹرول آفیسر ( سی ای او) نے بتایاکہ پولیس ،اساتذہ ، غیر تدریسی عملہ اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران  اور ملازمین کے علاوہ چلنے پھرنے سے معذور، معمر اور دیگر افراد کی پوسٹلبیلٹ کے ذریعہ کل ۴؍ لاکھ ۳۰؍ ہزار درخواستیں موصول ہوئی  ہیں جن میں سے۳؍ لاکھ ۳؍ ہزار درخواستوں ہی کو  قبول کیا گیا اور  مختلف وجوہات کی بنا ءپر بقیہ درخواستوں کو مسترد کردیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق ممبئی اور مہاراشٹر کے ۴۰؍ ہزار پولیس افسران  اور اہلکار چونکہ ۲۰؍ مئی کو الیکشن ڈیوٹی پر  مامور کئے گئے ہیں، اس لئے پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ وہ حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔شہر کے مختلف سینٹرز میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ صبح ۹؍  سے شام ۵؍ بجے تک ووٹ دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 
اسی دوران اکثر سینٹرز پر اسٹاف کی کمی کے سبب مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ افسران، ملازمین اور اسکول کے اساتذہ نے لمبی قطار ہونے اور الیکشن آئی ڈی نمبر کے نہ ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ دینے سے روکے جانے کی شکایت بھی کی ہے۔ 
 ادھرکنوجا اسکول اندھیری میں ووٹ دینے والے ۳؍ اساتذہ نے بتایا کہ انہیں بھی الیکشن سیریل نمبر کے نہ ہونے کا جواز پیش کرکے ووٹ دینے سے روک دیا گیا تھا لیکن انہوںنے اپنے ساتھیوں کی مدد سے نمبر تلاش کرکے حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مذکورہ۳؍ اساتذہ میں جوگیشوری نیشنل اردو ہائی اسکول کے پرنسپل عبدالاحدبھی شامل تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK