شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لےلیا ،ایس پی نے عوام سے صبر وتحمل کی اپیل
EPAPER
Updated: March 20, 2025, 9:21 AM IST | Bhopal
شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لےلیا ،ایس پی نے عوام سے صبر وتحمل کی اپیل
مدھیہ پردیش کے برہانپور میں منگل کی رات انسٹاگرام پر’حساس مذہبی‘ تبصرے کے بعد تناؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر ایک نوجوان کے ذریعے متنازع پوسٹ پر سیکڑوں مسلمانوں نے کوتوالی پولیس اسٹیشن پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئےفوری کارروائی کی مانگ کی ۔پولیس کو صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سختی برتنی پڑی اور بازار بند کروا دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کی رات تقریباً ۱۰؍ بجے لوہار منڈی کے رہائشی ایک نوجوان نے انسٹاگرام پر چیٹ کے دوران مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا تبصرہ کیا۔ اس پر ایک دوسرے نوجوان نے اعتراض کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کی کارروائی کی خبر پھیلتے ہی ایک مخصوص طبقے کے لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور احتجاج کرنے لگے ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے سختی کی اور علاقے میں بازار بند کروا دئیے گئے۔کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ ہرش سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ دیویندر پاٹیدار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے اضافی نفری تعینات کر کے حالات پر قابو پا لیا۔ ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان برقرار رکھیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نوجوان کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے اور عوامی امن میں خلل ڈالنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔فی الحال علاقے میں حالات قابو میں ہیں تاہم پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی جاری ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ایس پی دیویندر پاٹیدار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز حرکت یا افواہ سے دور رہیں۔ انہوں نے متنبہ کیاکہ قانون کو ہاتھ میںلینے والوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی ۔ میڈیا کو انہوں نے بتایاکہ دفعہ ۱۸۸؍ کے تحت ایڈوائزری جاری کی جاتی رہی ہےکہ پولیس کے احکامات کی خلاف ورزی پرسخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔