• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پارلیمنٹ میں ’جے فلسطین‘ کہنے پر اویسی کیخلاف شکایت، رُکنیت کی منسوخی کا مطالبہ

Updated: June 26, 2024, 11:08 PM IST | New Delhi

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے شکایت کی گئی ،مطالبہ کیا گیا کہ غیر ملک سے وفاداری ظاہر کرنے پر اویسی کی رکنیت برخاست ہونی چاہئے

Asaduddin Owaisi while taking oath
اسد الدین اویسی حلف لینے کے دوران

ایم آئی ایم کے صدر اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خلاف صدر مملکت دروپدی مرمو سے شکایت کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ ونیت جندل نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے آئین کے آرٹیکل۱۰۳؍کے تحت صدر کے سامنے شکایت درج کرائی ہے جس میں ’فلسطین‘ کے تئیں اپنی وفاداری دکھانے کے  لئے اویسی کو آرٹیکل ۱۰۲؍ (۴)کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ایڈوکیٹ ہری شنکر جین نے بھی صدر دروپدی مرمو سے اویسی کے خلاف شکایت کی ہے اور ان کی نااہلی کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 واضح رہے کہ اسد الدین اویسی کی جانب سے پارلیمنٹ میں حلف برداری کے دوران جے فلسطین کا نعرہ لگانے کے بعد متعدد اراکین پارلیمنٹ نے اعتراض ظاہر کیا تھا۔ جب اویسی سے ان کے نعرے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کس نے کیا کہا سب کچھ آپ کے سامنے ہے۔اویسی نے  اردو  میں حلف لیتے ہوئےآخر میں ’’ جے فلسطین ‘‘  کانعرہ بلند کیا تھا جس پر بی جے پی کے اراکین نے اعتراض کیا ۔ کچھ اراکین نے کہا کہ اویسی کو دوبارہ حلف لینا چاہئے لیکن  اویسی نے یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیابلکہ جواب دیا کہ حلف لینے والا ہر شخص یہاں آکر کوئی نہ کوئی نعرہ لگارہا ہے ، میں نے اس پر تو کوئی اعتراض نہیں کیا پھر میرے نعرے پر اعتراض کیوں؟ میں نے نہ آئین کے خلاف نعرہ لگایا اور نہ ملک کے خلاف بلکہ ایک ملک کے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ بلند کیا ۔ میں نے صرف’’جے بھیم ، جے میم، جے تلنگانہ اور پھر جے فلسطین ‘‘ کہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دیگر لوگوں نے کیا کہا وہ بھی سنئے۔ فلسطین کا ذکر کرنا کس طرح آئین کے خلاف ہو سکتا ہے، اس معاملے میں آئین کی تشریح دکھائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK