مسافروں کی حفاظت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی پرمٹ حاصل کرنے والی گاڑیاں ہی سروس فراہم کرسکتی ہیں، اس کے بغیر فراہم کی جانے والی سروس غیر قانونی ہے
EPAPER
Updated: September 21, 2024, 9:44 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
مسافروں کی حفاظت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی پرمٹ حاصل کرنے والی گاڑیاں ہی سروس فراہم کرسکتی ہیں، اس کے بغیر فراہم کی جانے والی سروس غیر قانونی ہے
ممبئی میں اوبر پر مسافروں کو پرائیویٹ کاروں کے ذریعہ سروس فراہم کرنے پر ٹیکسی یونین نے سخت اعتراض کیا ہے ۔ ٹورسٹ وہیکل پرمٹ (ٹی پرمٹ) کے بغیر پرائیویٹ کاروں کے ذریعہ دی جانے والی سروس کو یونین نے مسافروں کیلئے خطرے کا سفر قرار دیا اور مسافروں کی حفاظت کی اپیل کرتے ہوئے آر ٹی او سے اسے بند کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس معاملہ میں مہاراشٹر اسٹیٹ راشٹریہ کامگار سنگھ کے آرگنائزنگ سیکریٹری آنند کوٹے نے انقلاب سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ’’اوبر جیسے ایگریگیٹر پلیٹ فارم پر وہی پرائیویٹ کار سروس فراہم کر سکتی ہے جو ٹی پرمٹ رکھتی ہو۔ ایپ کے ذریعہ ایگریگیٹر پلیٹ فارم پر ٹی پرمٹ کے بغیر کسی بھی کمپنی کے نام سے سروس فراہم کرنا غیر قانونی ہے۔ اوبر پر بکنگ لے کر جن پرائیویٹ کاروں کے ذریعہ سروس فرام کی جارہی ہے ، وہ مسافروں کیلئے خطرے کا الارم ہے اوراگر سفر کے دوران مسافروں کوکچھ ہوجاتا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’شہر میں مذکورہ ایگریگیٹر پلیٹ فارم پر شہر کے الگ الگ علاقوں میں پرائیویٹ کاروں کے ذریعہ مسافروں کو غیر قانونی سروس فراہم کی جارہی ہے ۔ اس کی تفصیلات مع تصویر شکایتی مکتوب کے ساتھ آر ٹی اواور متعلقہ محکموں کو دی گئی ہےساتھ ہی یونین نے مسافروں کی حفاظت کا حوالہ دیتے ہوئے اس طرح سے پرائیویٹ کاروں کے ذریعہ دی جانے والی سروس کو بند کرنے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘یونین کے بقول جس طرح سے کالی پیلی ٹیکسی کو پرمٹ اور دیگر دستاویزات کے بغیر ٹیکسی چلانا غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ، اسی طرح ایپ ایگریگیٹ پلیٹ فارم سے ٹی پرمٹ کے بغیر گاڑی چلانا نہ صرف غیر قانونی بلکہ مسافروں کیلئے خطرناک بھی ہے ۔
آر ٹی او کے ایک افسر نے اس بارے میں کہا کہ ایپ ایگریگیٹر پر وہی پرائیویٹ کار مالکان سروس فراہم کرسکتے ہیں جو تجارتی لائسنس رکھتے ہوں۔اس پر یونین کا یہ بھی الزام ہے کہ اوبر ایپ ایگریگیٹر پر ڈھائی سو سے تین سو ڈرائیور سروس فراہم کرتے ہیں لیکن مسافروں کے ذریعہ بکنگ کئے جانے پر پہلے پرائیویٹ کار مالکان کو فوقیت دی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ان پرائیویٹ کاروں میں اسپیڈ گورنر یا ایمرجنسی ریڈ بٹن کی سہولت بھی نہیں ہے۔ اس لئے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر آر ٹی او اور حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایپ کے ذریعہ ٹی پرمٹ کے بغیر نجی کار سروس فراہم کرنے والوں پر پابندی عائد کریں۔