مراٹھی اداکارہ پراجکتا مالی کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، سریش دھس کے خلاف شکایت، سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں اپوزیشن اتنی تنقیدیں نہیں کر رہا ہے جتنی دھس کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 31, 2024, 3:03 PM IST | Agency | Mumbai
مراٹھی اداکارہ پراجکتا مالی کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، سریش دھس کے خلاف شکایت، سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں اپوزیشن اتنی تنقیدیں نہیں کر رہا ہے جتنی دھس کر رہے ہیں۔
مراٹھی فلموں کی مشہور اداکارہ پراجکتا مالی نے ایک روز قبل وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کی اور انہی کی پارٹی کے رکن اسمبلی سریش دھس کی شکایت کی جنہوں نے بیڑ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے معاملےمیں دھننجے منڈے پر الزام لگاتے ہوئے ان کا بھی نام گھسیٹا تھا۔ دیویندر فرنویس نے اداکارہ کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے میں مناسب کارروئی کریں گے۔
معاملہ کیا ہے؟
یاد رہے کہ گزشتہ ۹؍ دسمبر کو بیڑ کے مساجوگ گائوں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کا قتل ہو گیا تھا جس کا الزام ریاستی وزیر دھننجے منڈے کے سب سے قریبی سمجھے جانے والے والمیک کراڈ پر لگایا گیا ہے۔والمیک کراڈ فرار ہے۔ پولیس اسےگرفتار نہیں کر پا رہی ہے۔ اس صورتحال میں اپوزیشن سے زیادہ بی جے پی کے رکن اسمبلی سریش دھس دھننجے منڈے اور والمیک کراڈ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران سریش دھس نے الزام لگایا کہ اگر کسی کو زمین خریدنی ہو اور راستے میں کوئی رکاوٹ پیش آ رہی ہو تو آپ پرلی (دھننجے منڈے کا حلقہ انتخاب) جا سکتے ہیں۔ کوئی فلم بنانی ہو ، کسی اداکار کی شوٹنگ کیلئے تاریخ نہ مل رہی ہو، یا کوئی اداکار یا اداکارہ فلم سائن کرنےکیلئے راضی نہ ہو، یا کسی کوئی کسی فلم میں کام کرنا چاہتا ہو مگر پروڈیوسر کام نہ دے رہا ہو ہو تو آپ پرلی جائیں ۔ آج کل پرلی میں یہی سب ہو رہا ہے۔ اس دوارن سریش دھس نے پراجکتا مالی سمیت چند اداکارائوں کا نام لیا جن کا پرلی آنا جانا ہے۔ ان کے اس بیان سے میڈیا میں دھننجے منڈے اور پراجکتا مالی کی قربت پر تبصرے ہونے لگے۔ دھننجےمنڈے سےعلاحدہ ہو چکی ان کی بیوی کرونا منڈے نے بھی کئی بار دھننجے منڈے کے پراجکتا مالی پر پیسے لٹانے کا الزام لگایا ہے۔ سریش دھس کے بیان سے اس معاملے کو مزید ہوا ملی۔
پراجکتا مالی کی پریس کانفرنس
اس پر پراجکتا مالی نے پریس کانفرنس منعقد کرکے سریش دھس پر الزام لگایا کہ وہ اپنی محنت سے کامیابی حاصل کرنے والی لڑکیوں کی ترقی برداشت نہیں کرپاتے ہیں اسلئے اس طرح کے الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہ کہاکہ جس معاملے سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے زبردستی اس میں ان کا نام گھسیٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے سریش دھس سے بلا شرط معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔ سریش دھس کا معافی مانگنے سے انکار
پراجکتا مالی کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات کرتے وقت سریش دھس نے کہا کہ’’ میں نے کوئی غلط بات نہیں کہی ہے۔ میں ان کی بڑی عزت کرتا ہوں۔ انہیں پراجکتا تائی کہہ کر مخاطب کرتا ہوں۔ میں نے صرف وہ بیان کیا ہے جو حقیقت ہے۔ ‘‘ اس دوران سریش دھس نے پھر ایک بار فلمی دنیا کے وہ نام گنوائے جو پرلی آتے ہیں اور جن کے مبینہ طور پر دھننجے منڈے سے تعلقات ہیں۔ سریش دھس نے واضح طور پر کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوںاور معافی نہیں مانگوں گا۔
پراجکتا کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات
اس دوران اداکارہ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اتوار کی شام ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کی اور انہیں ایک مکتوب پیش کیا جس میں نہ صرف سریش دھس کی شکایت کی بلکہ ان ٹیوب چینلوں پر کارروائی کا مطالبہ کیا جو ان کے تعلق سے غلط کہانیں بیان کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کی اطلاع خود وزیراعلیٰ نے سوشل کے ذریعے دی۔ فرنویس نے پراجکتا مالی سے ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ پراجکتا مالی کی عزت پر حملہ کرنے والی کسی بھی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ان چینلوں پر بھی کارروائی کی جائے گی جو ان کے تعلق سے غلط بیانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہیں بھی سریش دھس کا نام نہیں لیا حالانکہ پراجکتا مالی کو اصل شکایت سریش دھس کے بیان ہی سے ہے۔ میڈیا میں یہ سوال بھی پوچھا جا رہا ہے کہ کیا بی جے پی رکن اسمبلی سریش دھس اپنی مرضی سے بیانات دے رہے ہیں؟ اگر ان کی کوئی بات غلط ہے تو پارٹی انہیں اس غلط بیانی سے روک کیوں نہیں رہی ہے؟ وہ سرعام اپنی ہی حکومت کے وزیر پر تنقید کیسے کر رہے ہیں؟