• Sat, 01 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کھیلتے وقت نوجوانوں کو دل کا دورہ پڑنے کی شکایت، کورونا ویکسین بھی ایک وجہ ہوسکتی ہے

Updated: February 01, 2025, 5:19 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

حال ہی میں کرکٹ کے میدان پر کھلاڑیوں کی موت کے ایک کے بعد ایک ۳؍ واقعات پیش آچکے ہیں، ماہرین کے مطابق اس کی اہم وجہ طرز زندگی میں تبدیلی ہے۔

Sports and exercise are important, but caution is also necessary. Photo: INN
کھیل کود اور ورزش ضروری ہے لیکن احتیاط بھی لازم ہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے ۳؍ مختلف اضلاع میں گزشتہ ۲؍ ماہ کے اندر ۳؍ ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن میں کسی صحت مند اور ہونہار نوجوان کی میدان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے موت ہو گئی۔ پہلے اورنگ آباد سے خبر آئی کہ عرفان پٹیل نامی نوجوان جو بہت عمدہ بیٹنگ کر رہا تھا میدان ہی پر گر گیا اور اس کی موت ہو گئی۔ وجہ بتائی گئی دل کا دورہ پڑنا۔ اس واقعہ کو ایک اتفاق سمجھا گیا لیکن اس کے کچھ ہی دنوں بعد جالنہ میں اسی طرح کرکٹ کھیلتے وقت وجے پٹیل نامی نوجوان میدان پر گر پڑا اور فوت ہو گیا۔ اسے بھی دل کا دورہ پڑا تھا۔ گزشتہ دنوں پال گھر ضلع میں اتل وازے نامی نوجوان کرکٹ کھیل رہا تھا۔ اس نے مسلسل ۳؍گیندوں پر ۳؍ سکسر لگائے۔ تیسرے سکسر کے بعد وہ زمین پر گر گیا اور اس کی موت ہو گئی۔ 
  دل کا دورہ یا ہارٹ اٹیک سے نوجوانوں کی موت حیران کن ہے۔ اس پر ایک جیسے پس منظر میں موت ہونا تشویشناک بھی ہے۔ کیونکہ کھیل کود کو صحت کیلئے فائدہ مند بتایا جاتا ہے جبکہ مذکورہ تینوں لڑکوں کی کھیلتے ہوئے موت ہوئی۔ اس معاملے میں ممبئی (باندرہ) کے لیلاوتی اسپتال سے وابستہ معروف کارڈیو لوجسٹ ڈاکٹر جلیل پرکار سے گفتگو کی گئی توا نہوں نے کہا ’’ نوجوانوں میں دل کا دورہ پڑنےکی شکایتوں میں اضافہ تو ہوا ہے اسکی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ضرورت سے زیادہ جسمانی ورزش ، باڈی بلڈر بننے کاجنون اور اس کیلئے استعمال کی جانےوالی کئی قسم کی دوائیاں، پائوڈر اور دیگر سپلمنٹری ذمہ دار ہو سکتی ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے ایک مثال دی کہ’’میں ایک ایسے معروف ڈاکٹرکوجانتاہوں جو امبانی، رتن ٹاٹا جیسی بڑی شخصیات کےمعالج رہے ہیں ، ان کا ۳۳؍سالہ بیٹا گزشتہ سال اچانک دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا۔ وہ صحت مندتھا، کسی طرح کی بیماری نہیں تھی۔ اسے کراٹےکاجنون تھا۔ کراٹے کی کرتب بازی دکھانے کے دوران ہی، اچانک دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت ہوگئی تھی، لہٰذا اس جانب توجہ دینےکی ضرورت ہے۔ ‘‘انہوں نے کورونا کے ویکسین کو دل کا دورہ پڑنے کے اسباب میں سے ایک ہونے کے امکان سے انکار نہیں کیا۔ جلیل پرکار کہتے ہیں ’’ میری دانست میں یہ کووڈ ۱۹؍کااثر بھی ہوسکتاہے۔ کووڈکےدوران کیا جانے والاعلاج اور اس سے محفوظ رہنےکیلئے لگایا گیا ویکسین کا سائیڈ ایفیکٹ بھی نوجوانوں میں دل کے امراض سبب ہوسکتاہے۔ ‘‘
  ممبئی ہی کے سیفی اسپتال سے وابستہ منسلک امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر نذیر جوالے نے نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کی وجوہات شمار کرواتے ہوئے کہا’’جن نوجوانوں میں ہارٹ الیکٹریکل ڈسٹربنس کی شکایت ہوتی ہے، مثلاً ان کے دل کی آرٹیری میں خامیاں ہوں تو جب وہ کھیلنے جاتےہیں تو اچانک ان کے دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے، جس سے دل کادورہ پڑنے اوراچانک موت ہونےکا خدشہ ہوتاہے۔ جو نوجوان لمبے اونچےہوتےہیں ان میں مارفاسنڈرم نام کی بیماری پائی جاسکتی ہے، وہ ہارٹ پر حملہ کرسکتی ہے جس سے اچانک موت ہوجاتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ ۲۵؍ تا ۳۰؍سال کے نوجوان کی اگر دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو رہی ہے تو سمجھیں ان کی آرٹیری پھٹ جانا اس کا سبب ہے۔ بیرونی ممالک میں کھلاڑیوں کی کھیل سے پہلے ہارٹ وغیرہ کی جانچ کی جاتی ہے۔ ان کی پازیٹیو رپورٹ آنےکےبعد انہیں کھیلنےکی اجازت دی جاتی ہے لیکن ہمارے یہاں ایسا کوئی نظم نہیں ہے، جو ہوناچاہئے۔ ‘‘
  ممبئی کےمتعدد بڑے اسپتالو ں سےوابستہ دل کے ماہر ڈاکٹر عقیل ملباری کےمطابق ’’ نوجوانوں میں ہارٹ کی شکایت پہلے اتنی نہیں پائی جاتی تھی لیکن اب یہ بڑھ رہی ہے اسکی سب سے اہم وجہ طرززندگی میں تبدیلی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء کے بجائے مختلف قسم کی ادویات اور سپلمنٹری کے ذریعے نوجوان فوری طورپر جسمانی توانائی حاصل کرنا چاہتےہیں ۔ اس جنون میں وہ ایسی ادویات اورپائوڈر کا استعمال کر تے ہیں جن سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ امراض قلب کی شکایتوں میں اضافہ ہونےکایہ بھی ایک سبب ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK