• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوپی کے کئی علاقوں میں دھاندلی، اقلیتوں کو ووٹنگ سے روکنے کی شکایتیں

Updated: May 08, 2024, 8:38 AM IST | Abdullah Arshad | Lucknow

سماج وادی پارٹی نےمین پوری، سنبھل، ہاتھرس، آگرہ ، فیروزآباد، ایٹہ اور بدایوں میں بدنظمی کی شکایت درج کرائی۔

A scene of voters outside a polling booth in Bareilly. Polling was held in the third phase here. Photo: PTI
بریلی میں ایک پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرس کا منظر۔ یہاں تیسرے مرحلے میں پولنگ ہوئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

لو ک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت  یوپی کی ۱۰؍سیٹوں پرمنگل کو ووٹ ڈالے گئے لیکن اس دوران یہاں تقریباً ہر سیٹ پر دھاندلی اور اقلیتوں کو ووٹنگ سے روکنے کی شکایتیں سامنے آئیں جس کے بعد سماج وادی پارٹی نے حرکت میں آتے ہوئے الیکشن کمیشن میں باقاعدہ شکایت درج کروائی ہے اور فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ووٹنگ کے دوران سماجوادی پارٹی نے مین پور ی ، سنبھل ، ہاتھرس، فیروز آباد، آگرہ اورایٹہ وغیرہ میں الیکشن افسران اور بی جے پی لیڈران پر دھاندلی کا الزام عائد کیا جبکہ بدایوں میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار آدتیہ یادو نے مقامی انتظامیہ پر مسلم سماج کو ووٹ دینے سے روکنے کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کے باہر ہی  دھرنا دے دیا۔  اس کے علاوہ آگرہ اور فتح پور سیکری میں مسلم ووٹروںکو پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پریشان کرنے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: زعفرانی پارٹیاں وڈیٹیوار کے خلاف کمر بستہ، کہیں احتجاج کہیں شکایت

سنبھل میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار اور پولیس  کے درمیان کہا سنی ہوئی ۔سنبھل لوک سبھا سیٹ سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار ضیا الرحمان برق نے الزام عائدکیا کہ اسمولی اور سنبھل اسمبلی حلقہ میں واقع کچھ بوتھوں پر پولیس نے لائن میں کھڑے لوگوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے ان پر لاٹھیاں برسائیں تاکہ ووٹرس اپنے حق کا استعمال نہ کرسکیں۔ پارٹی کے حامیو ں نےاسکے ویڈیو بھی وائرل کئے۔ چودھری سرائے علاقہ میں پولیس اہلکاروںنے سماجوادی کے امیدوار کی تمام نشانیاں ہٹادی تھیں۔ اطلاع ملتے  ہی ضیا الرحمان اپنے والد اور ضلع صدر فیروز خان کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ان لوگوں نے پولیس کارروائی کی مخالفت کی جس پر وہاں موجود ایڈیشنل پولیس کپتان شر ی چند اور ضیا الرحمان  کے درمیان نوک جھونک ہوگئی۔ ایڈیشنل پولیس کپتان کا کہنا تھا کہ علاقے میں دفعہ۱۴۴ ؍ نافذ ہے، یہاںپانچ لوگ  ایک ساتھ نہیں رہ سکتے اس پرفیروز خاں نے کہا کہ یہاں ۳؍ سے ۴؍ کارکن ہی رُکیں گےلیکن پولیس ماننے کو تیار نہیں ہوئی اور فیروز خان اور دیگر کارکنوں کو حراست میں لینے لگی تو پارٹی کارکنوں نے جم کر ہنگامہ شروع کردیا ۔ اس ہنگامہ کو ختم کرنے کے لئے  پولیس کپتان بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے سبھی کو سمجھا بجھا کر معاملہ ختم کرایا۔ سماجوادی پارٹی کے امیدوار ضیا الرحمان نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ بی جے پی کا ایجنٹ بن کر کام کر رہا ہے اورووٹ ڈالنے والو ں کو پریشان کررہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK