ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفا ل کی ہدایت۔ خالی نشستوں کے تعلق سے رپورٹ پیش کرنے کو بھی کہا۔
EPAPER
Updated: February 17, 2025, 3:11 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفا ل کی ہدایت۔ خالی نشستوں کے تعلق سے رپورٹ پیش کرنے کو بھی کہا۔
رائٹ ٹو ایجوکیشن (آر ٹی ای) ایکٹ کے تحت اسکولوں میں ۲۵؍ فیصد کوٹہ سیٹوں کیلئےداخلہ کی سہولت کے باوجود ریاست میں سیکڑوں طلبہ داخلہ سے محروم ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ۱۱؍ ہزار سیٹیں خالی رہ گئی تھیں۔
امسال تعلیمی سال ۲۶-۲۰۲۵ءکیلئے آر ٹی ای کے تحت داخلے کویقینی بنانے کیلئے ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال نے ڈائریکٹر آف پرائمری ایجوکیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے تعلیمی سال کیلئے آر ٹی ای ایڈمیشن کے عمل کو امسال مئی تک مکمل کرلیں۔ اس تعلق سے مہاراشٹر اسٹوڈنٹس، پیرنٹس اور ٹیچرس فیڈریشن کے صدر نتن دلوی نےنامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ۲۰۰۹ء کے آر ٹی ای ایکٹ کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کے تحت پرائیوٹ اسکولوں میں ۲۵؍ فیصدکوٹہ میں مفت داخلہ کو نافذ تو کیا گیا ہے لیکن اسے یقینی نہیں بنایا گیا ہے - انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ غریب طلبہ ریاستی محکمہ تعلیم کی انتہائی لاپروائی کے سبب اس سہولت سے محروم ہوجاتے ہیں - نتن دلوی نے ڈائریکٹر آف پرائمری ایجوکیشن، پرنسپل سیکریٹری آف اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایجوکیشن کمشنر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ امسال اگر آر ٹی ای۲۵؍فیصد کوٹہ میں داخلہ کے عمل کو پورا نہیں کیا جائے گا تو متعلقہ افسران اور محکموں کے خلاف عرضی داخل کی جائے گی۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال آر ٹی ای کے تحت۹۴؍ ہزار ۷۰۰؍ سیٹیں مختص کی گئی تھیں لیکن۸۲؍ ہزار ۸۶۹؍ سیٹوں کو ہی پر کیا گیا تھا- اس سلسلہ میں دلوی نے مہاراشٹر اسٹیٹ کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس میں شکایت درج کی تھی اور اس سلسلہ میں چیئرپرسن سشی بین شاہ سے تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔ اس پر کمیشن نے پونے میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی کی کہ وہ خالی نشستوں کے تعلق سے رپورٹ پیش کریں۔