کانگریس لیڈر اجے ماکن نے پریس کانفرنس میںکہا کہ ۱۴؍ سی اے جی رپورٹس میںدہلی کی ’آپ ‘حکومت کی بدعنوانیوںکے سنگین انکشافات کئےگئے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 23, 2025, 11:13 AM IST | Agency | New Delhi
کانگریس لیڈر اجے ماکن نے پریس کانفرنس میںکہا کہ ۱۴؍ سی اے جی رپورٹس میںدہلی کی ’آپ ‘حکومت کی بدعنوانیوںکے سنگین انکشافات کئےگئے ہیں۔
کانگریس کے قومی خزانچی اجے ماکن نے عام آدمی پارٹی (آپ ) پر ۳۸۲؍کروڑ روپے کے صحت گھوٹالہ کا الزام لگایا ہے۔ یہاں دہلی پردیش کانگریس کے دفتر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے اجے ماکن نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف دہلی میں ایک پارٹی بنائی گئی تھی اور اس وقت ایک لیڈر سی اے جی کی رپورٹ لا کر کانگریس کے خلاف جھنڈا اٹھاتا تھا، لیکن اب وہی سی اے جی کی رپورٹ ان کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ۱۴؍ سی اے جی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن میں ’آپ‘ حکومت کے خلاف بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی جو رپورٹ دہلی حکومت کے پاس آئی ہے، اس میں ایک رپورٹ بہت سنگین ہے۔ یہ رپورٹ بتاتی ہے کہ قومی راجدھانی میں ۳۸۲؍ کروڑ روپے کا صحت گھوٹالہ ہوا ہے۔ ‘‘
اجے ماکن نے کہا کہ دہلی میں تین اسپتالوں کی تعمیر کا کام کانگریس کے دور حکومت میں شروع ہوا تھا، لیکن کیجریوال حکومت میں اس کی تعمیر میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی، جس کی وجہ سے ٹینڈر کی رقم میں اضافہ ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت بتائے کہ یہ کرپشن کیسے ہوا؟ انہوں نے کہا کہ براڑی میں اندرا گاندھی اسپتال اور مولانا آزاد ڈینٹل اسپتال کی تعمیر میں بدعنوانی کی گئی ہے۔ ان میں سے سب سے زیا دہ ۳۱۴؍ کروڑ روپے اندرا گاندھی اسپتال کی تعمیر میں خرچ ہوئے۔ ماکن نے کہا کہ ہم ’آپ کے پاپ‘ نام کی ایک مہم مسلسل چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی حکومت سی اے جی کی رپورٹوں کو اسمبلی میں پیش نہیں کرتی ہے جس سے ان کے ارادوں کا بھی پتہ چلتا ہے۔ چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔ انہوں نے کیجریوال کو ’ فرضی وال ‘ اور ملک دشمن قراردیا۔