Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بہار میں کانگریس سرگرم، کنہیا کی قیادت میں نئی یاترا کا آغاز

Updated: March 18, 2025, 11:16 AM IST | Agency | Patna

’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ کے نام سے جاری اس یاترا کو زبردست عوامی حمایت، کانگریس نے نتیش سرکار کو نشانہ بنایا۔

Congress leader Kanhaiya Kumar was given a grand welcome. Photo: INN
کانگریس لیڈر کنہیا کمار کا زبردست خیر مقدم کیا گیا۔ تصویر: آئی این این

حالیہ کچھ مہینوں کے دوران کانگریس نے بہار میں اپنی سرگرمی تیز کردی ہے۔ اسی کے پیش نظر اس نے ’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ کے نام سے ایک نئی یاترا کا آغاز کیا ہے جس کی عوامی سطح پر زبردست پزیرائی ہو رہی ہے۔ اس کی قیادت جواں سال لیڈر کنہیا کمار کررہے ہیں۔ 
 بہار میں بڑھتی بے روزگاری اور ہجرت کے ایشو پر کانگریس کی یوتھ یونٹ نے یہ پدیاترا مغربی چمپارن واقع بھتروا آشرم سے شروع کی۔ اس یاترا کے آغاز سے قبل ایک جلسہ عام کا بھی انعقاد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے بہار کی نتیش حکومت پر بھرپور تنقید کی۔ کنہیا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں تعلیم، روزگار، سڑک اور سیکوریٹی جیسی بنیادی سہولیات کا بہت فقدان ہے۔ پڑھائی، کمائی اور دوائی کی بات تو چھوڑیئے، بہار کے لوگوں کو ہنی مون منانے تک کیلئے ریاست سے باہر جانا پڑتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ بہار میں امتحانات میں دھاندلی سرکاری نظام کی ناکامی ہے۔ طنزیہ انداز میں وہ کہتے ہیں کہ ’’پہلے کے زمانہ میں ڈاک خانوں سے لو لیٹر (محبت نامہ) لیک ہو جاتے تھے، لیکن جتنا لو لیٹر لیک نہیں ہوا، اتنا آج بہار میں امتحان کا پیپر لیک ہو جاتا ہے۔ ‘‘ پیپر لیک کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’سب کچھ ٹھیکے پر چل رہا ہے، چاہے تعلیم ہو، روزگار ہو یا طبی خدمات۔ ‘‘
  کانگریس کی جانب سے جاری اس ’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ یاترا میں پارٹی کے اہم لیڈران و کارکنان کے علاوہ سول سوسائٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ایک مقام پر میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ فی الحال ان کی پوری توجہ ’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ یاترا پر ہے۔ اسمبلی انتخاب میں وہ کھڑے ہوں گے یا نہیں، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مناسب نہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بہار سے لگاتار ہو نے والی ہجرت کے سبب ریاست کے۱۴؍ کروڑ لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس دوران بہار کانگریس صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے بھی نتیش سرکار کو نشانہ بنایا۔ اس پدیاترا کے دوران لیڈران الگ الگ ضلعوں میں نوجوانوں اور طلبہ کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK