تاریخی بیلگاوی کنونشن کی ۱۰۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر۲۶؍ دسمبر کوکانگریس ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ کاانعقاد،۲۰۰؍ سے زائد اہم لیڈران کی شرکت متوقع، دوسرے دن بڑی ریلی کاانعقاد بھی ہوگا۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 11:11 AM IST | Agency | New Delhi
تاریخی بیلگاوی کنونشن کی ۱۰۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر۲۶؍ دسمبر کوکانگریس ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ کاانعقاد،۲۰۰؍ سے زائد اہم لیڈران کی شرکت متوقع، دوسرے دن بڑی ریلی کاانعقاد بھی ہوگا۔
مہاراشٹرا ور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں بھلے ہی کانگریس کو خاطر خواہ سیٹیں نہ ملی ہوں لیکن اس کے حوصلے کمزور نہیں پڑے ہیں۔ کانگریس نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے تاریخی بیلگاوی کنونشن کی ۱۰۰؍ویں سالگرہ کا اہتمام شاندار طریقے سے کرے گی اور اس طرح دنیا کو یہ پیغام دے گی وہ آج بھی فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ خیال رہے کہ۱۰۰؍ سال قبل ۲۶؍ دسمبر کو مہاتما گاندھی کی صدارت میں بیلگاوی میں ستیہ گرہ کا انعقاد عمل میں آیاتھا۔ اس موقع پر کانگریس نے اپنی ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ملک بھر سے۲۰۰؍ سے زائد اہم لیڈران شریک ہوں گے۔
کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، سینئر لیڈر رام رمیش اورپون کھیڑا نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ اسی جگہ مہاتما گاندھی نگر میں ہوگی۔ مہاتما گاندھی کو۱۰۰؍ سال قبل منعقدہ کانگریس کے اجلاس میں پہلی بار انڈین نیشنل کانگریس کی صدارت سونپی گئی تھی۔ اس میٹنگ کو’نو ستیہ گرہ‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ۱۰۰؍ سال پہلے گاندھی جی نے ’ستیہ گرہ‘ کا خیال اسی جگہ سے پیش کیا تھا۔ توسیعی میٹنگ میں مرکز میں بی جے پی کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اگلے دن ایک بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی۔
وینوگوپال نے کہا کہ ’’کرناٹک کانگریس نے تاریخی کنونشن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس کیلئے پورے شہر کو سجایا گیا ہے۔ اس تاریخی کنونشن میں سی ڈبلیو سی کے اراکین، مستقل مدعوئین، خصوصی مدعوئین، مرکزی الیکشن کمیٹی کے اراکین، ریاستی کانگریس کمیٹی کے اراکین، ریاستی سی ایل پی قائدین، پارلیمانی پارٹی کے عہدیداران اور کانگریس پارٹی کے سابق وزرائے اعلیٰ سمیت تقریباً۲۰۰؍ سے زائد اہم لیڈران شرکت کریں گے۔ ‘‘ میٹنگ کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا’’میٹنگ۲۶؍ دسمبر کو دوپہر ڈھائی بجے مہاتما گاندھی نگر میں شروع ہوگی اور ۲۷؍ دسمبر کو صبح ساڑھے ۱۱؍ بجے بیلگاوی میں ’جے باپو، جے بھیم اور جے آئین‘ ریلی نکالی جائے گی۔ مہاتما گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی ریلی میں کانگریس پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ، عہدیدار اور لاکھوں کانگریس کارکنان شرکت کریں گے۔ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس کے آئندہ برسوں کے ایکشن پلان اور پروگرام پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں دو تجاویز شامل ہوں گی۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کے دور حکومت میں ملک کو درپیش سنگین چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جن میں معاشی عدم مساوات، جمہوریت کا خاتمہ اور آئینی اداروں پر حملے شامل ہیں۔ یہ انڈین نیشنل کانگریس کے تاریخی پروگراموں میں سے ایک ہوگا۔ وینوگوپال نے میڈیا کو بتایا کہ ’’سو سال پہلے، دسمبر۱۹۲۴ء میں، مہاتما گاندھی کی صدارت میں بیلگاوی میں کانگریس کا۳۹؍ واں اجلاس منعقد ہوا تھا۔ یہ مہاتما گاندھی کی صدارت میں کانگریس کا واحد اجلاس تھا جس میں موتی لال نہرو، جواہر لال نہرو، لالہ لاجپت رائے، سروجنی نائیڈو اور ولبھ بھائی پٹیل سمیت کئی سرکردہ قومی لیڈروں نے شرکت کی تھی۔ ہمیں اس تقریب پر واقعی فخر ہے۔ ‘‘
پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈروں نے کہا کہ’’کانگریس پارٹی گزشتہ ۷؍ دنوں سے ’امبیڈکر سمان ہفتہ‘ منا رہی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ بابا بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کے سلسلے میں ہم نے ایک دن قبل ملک کے۱۰۰؍ سے زیادہ شہروں میں پریس کانفرنسیں اورمنگل کو تمام اضلاع میں میٹنگیں منعقد کی ہیں۔ اس موقع پرمورچے بھی نکالے جا رہے ہیں اور ایک دستاویز تیار کی جا رہی ہے، جسے صدر جمہوریہ کو سونپا جائے گا۔ ‘‘