• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس کا بیلٹ سے ووٹنگ کا مطالبہ

Updated: February 22, 2025, 10:49 PM IST | New Delhi

وزیراعظم کو ’’ان کے دوست ‘‘ ٹرمپ کا بیان یاد دلایا ، کہا کہ سرکار کو امریکی صدر کےمشورے پر غور کرنا چاہئے ، ووٹنگ مشینوں کے تعلق سے جو بات پوری دنیا محسوس کر رہی ہے وہ مرکزی حکومت کو نظر کیوں نہیں آتی؟ سرکار کی ہٹ دھرمی ظاہر کرتی ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے

US President Trump is becoming a constant torment for Prime Minister Modi. (File photo)
امریکی صدر ٹرمپ وزیر اعظم مودی کیلئے مستقل عذاب بنتے جارہے ہیں۔(فائل فوٹو)

ہندوستان میں  ووٹنگ  فیصد میں  اضافہ کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کو ۲۱؍ملین ڈالر دیئے جانے کے بیان کے بعدایک بار پھر غیرملکی امداد کے معاملہ پر زبردست ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی ہے لیکن اسی دوران بیلٹ پیپر پر الیکشن کروانے کے تعلق سے ٹرمپ کے بیان نے کانگریس کوایک اور ہتھیار فراہم کردیا ہے۔ کانگریس نے مطالبہ کردیا ہے کہ اگلے الیکشن بیلٹ پیپرپر کروائے جائیں تاکہ ای وی ایم کے تعلق سے ملک کے ووٹرس میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں وہ امریکی ریاستوں کے تمام گورنرس کی میٹنگ میں ان سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ای وی ایم کے ذریعے کسی بھی طرح کی پولنگ نہ کروائیں کیوں کہ یہ بہت خرچیلا نظام ہے اور اس کی شفافیت پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔ اس کے بجائے بیلٹ پیپر پر ووٹنگ کروائی جائے اور اسی دن گنتی بھی شروع کردی جائے۔ اس سے نہ وقت ضائع ہو گا اور نہ ووٹنگ سسٹم  پر کوئی سوال اٹھاسکے گا۔
  اس معاملے میں کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ کے سی وینو گوپال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ایک عرصے سے یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ دوبارہ بیلٹ پیپر پر ووٹنگ کروائی جائے اور ووٹرس کے شبہات کو دور کیا جائے۔وینو گوپال  نے پوچھا کہ مودی جی کے جگری دوست ڈونالڈ ٹرمپ یہ مشورہ دے رہے ہیں ، کیا مودی جی ان کی بات نہیں سنیں گے ؟ مجھے تو یقین ہے کہ ٹرمپ  بھی مہاراشٹر میں ہونے والی انتخابی بے ضابطگی کے بارے میں جانتے ہوں گے ۔ اسی لئے انہوں نے اپنی ریاستوں کے گورنرس کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ بیلٹ پیپر پر واپس جائیں، ای وی ایم کے چکر میں نہ پڑیں کیوں کہ یہ مہنگا نظام ہونے کے ساتھ ساتھ ووٹرس کا اس پر بھروسہ بھی نہیں ہے۔
   اس سے قبل کانگریس نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی پر زوردار حملہ کرتےہوئے ۲۱؍ ملین ڈالرس کے ٹرمپ کے بیان پر  موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے ہندوستان کو ووٹنگ میں اضافہ کیلئے ۲۱؍ملین ڈالر دیئےجانے کے بعد آج ایک نئے ویڈیو میں کہاکہ انہوںنے ہندوستان میں اپنے دوست مودی کو ووٹنگ میں اضافہ کیلئے ۲۱؍ملین ڈالر دیئےجبکہ بنگلہ دیش کو ۲۹؍ملین ڈالر دئیے گئے۔ٹرمپ کے تازہ بیان پر کانگریس نے ایک بارپھر مطالبہ کیاکہ حکومت ہندوستان کو ملنے والے امریکی امداد پرقرطاس ابیض جاری کیا جائے۔ اس تعلق سے کانگریس ترجمان پون کھیڑا نےپریس کانفرنس میں متعدد مطالبات پیش کئے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK