جے رام رمیش نے واضح طور پر کہا کہ چین ہماری خارجہ پالیسی، بیرونی سلامتی اور اقتصادی شعبے کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
EPAPER
Updated: February 18, 2025, 11:47 AM IST | Agency | New Delhi
جے رام رمیش نے واضح طور پر کہا کہ چین ہماری خارجہ پالیسی، بیرونی سلامتی اور اقتصادی شعبے کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
کانگریس نے اپنی تنظیم ’اوورسیز کانگریس‘ کے صدر سیم پترودا کے اس بیان سے خود کو الگ کرلیا ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ چین سے ہندوستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے اسلئے ہندوستان کو اسے دشمن سمجھنا بند کر دینا چاہئے۔کانگریس کے مواصلات شعبے کے انچارج جے رام رمیش نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ’’چین کے بارے میں سیم پترودا کے ذریعہ رپورٹ کئے گئے خیالات یقینی طور پر کانگریس کے خیالات نہیں ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ چین ہماری خارجہ پالیسی، بیرونی سلامتی اور اقتصادی شعبے کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ کانگریس پارٹی نے بارہا چین کے تئیں مودی حکومت کے رویہ پر سوال اٹھائے ہیں جس میں۱۹؍ جون۲۰۲۰ء کو وزیر اعظم کی طرف سے عوامی طور پر چین کو دی گئی کلین چٹ بھی شامل ہے۔ چین کے بارے میں ہمارا تازہ ترین بیان۲۸؍ جنوری کا تھا۔ یہ بھی انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کو صورتحال پر بحث کرنے اور ان چیلنجوں کا موثر حل تلاش کرنے کیلئے اپنے اجتماعی عزم کا اظہار کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔
خیال ر ہے کہ سیم پترودا نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ چین سے ہندوستان کو کیا خطرہ ہے؟ ہندوستان کو چین کے خلاف اپنا رویہ بدلنا چاہئے اور اسے دشمن سمجھنا بند کرنا چاہئے۔ کسی بھی صورت میں چین کی طرف سے خطرہ اکثر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔سیم پترودا کو پارٹی لیڈر راہل گاندھی کا بہت قریبی اور ان کیلئے بھروسہ مند بتایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ راہل گاندھی جب بھی امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کا دورہ کرتے ہیں تو پترودا ہی مختلف یونیورسٹیوں میں طلبہ کے ساتھ بات چیت اور پریس کانفرنس وغیرہ کا اہتمام کرتے ہیں۔
دوسری طرف بی جے پی نےاس معاملے کو اُچک لیا ہے۔ حالانکہ چین سے قربت کے الزامات کے تحت وہ کئی بار پارلیمنٹ میں پھنس چکی ہے اور اپوزیشن کے سوالوں سے بچنے کی کوشش کرتی رہی ہے لیکن سیم پترودا کے بیان سے بی جے پی کو بڑا حوصلہ ملا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا اور کانگریس پر گلوان کے شہیدوں کی توہین کا الزام لگایا۔
سدھانشو نے کہاکہ ’’وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان اقتصادی، اسٹریٹجک اور سفارتی نقطہ نظر سے عالمی سطح پر ایک طاقتور اور بااثر ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور ملک کے اندر سماجی اور اقتصادی بااختیار بنانے کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ اسی طرح بہت سی طاقتیں ہندوستان کی اس بے مثال ترقی کو روکنے کیلئے سازشیں کر رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اس کے نظریاتی گرو وقتاً فوقتاً جو کچھ بھی کہتے رہے ہیں، وہ باتیں اب پوری طرح سے عوام کے سامنے آ رہی ہیں،اسلئے کانگریس کو اس کا جواب دینا چاہئے۔
بی جے پی کی کانگریس کو گھیرنے کی کوشش
’’ اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے آج چین کے حوالے سے جس طرح کا بیان دیا ہے اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ کانگریس پارٹی کے معاہدے کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔سنگین بات یہ ہے کہ انہوں نے جو بات کہی ہے، وہ ہندوستان کی شناخت، سفارت کاری اور خودمختاری پر بہت گہرا دھچکا ہے۔‘‘
ڈاکٹر سدھانشو ترویدی ( رکن پارلیمان بی جے پی)