• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس کی ’گیارنٹی‘ کا اعلان

Updated: November 05, 2024, 11:27 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کانگریس لیڈر ممبئی میں ایم وی اے کی ’مہاراشٹر سوابھیمان سبھا‘ میں بھی شرکت کریںگے

Leader of Opposition in Lok Sabha Rahul Gandhi
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی

مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں تیز ہوتی جارہی ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اسمبلی انتخابات کی مہم کیلئے بدھ کو مہاراشٹر آ رہے ہیں۔ وہ دوپہرایک بجے ناگپور میں `آئین کے اعزاز میں (سنویدھان سمیلن)کی میٹنگ میں شرکت کریں گے اور شام ساڑھے ۴؍بجے ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس(بی کے سی) میں واقع ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ میں مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے)جانب سے منعقدہ مہاراشٹر سوابھیمان سبھا(عوامی)جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ اسی جلسہ میں کانگریس کی گیارنٹی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
 اس ضمن میں کانگریس کے ریاستی چیف ترجمان اتل لونڈے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بی کے سی میں میٹنگ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ۔شرد  پوار) کے صدر  شرد پوار، شیو سینا ( یو بی ٹی )کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور ریاستی ورکنگ صدر محمد عارف نسیم خان، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور مہاوکاس اگھاڑی کے سرکردہ لیڈران  شرکت کریں گے۔ 
  انہوںنے مزید کہا کہ ’’کانگریس پارٹی کی گیارنٹی کو مہاراشٹر کے ہر گھر تک پہنچایاجائے گا  اور مہا یوتی کی بدعنوانیوںکے بارے میں عوامی بیداری پیدا کی جائے گی۔اتل لونڈے کے بقول ایکناتھ شندے۔دیویندر فرنویس ۔اجیت پوار کی مہا یوتی حکومت نے مہاراشٹر کے وقار کو گجرات کے پاس گروی رکھا ہے اور ایم وی اے اسے واپس لائے گی۔ نیز بی جے پی کے  فرضی بیانات کا بھی جواب دیا جائے گا۔ کانگریس نے کرناٹک اسمبلی سے گیارنٹیوں کا اعلان کیا ہے اور  ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے گیارنٹیوں کا اعلان کیا ہے اور اخبار میںدے کر عوام کو یہ بتایا جارہا ہے کہ ان گیارنٹیوں پر عمل درآمد کیسے ہورہا ہے۔
  اتل لونڈے نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے عوام  بی جے پی کے فرضی بیان بازی  کا شکار نہیں ہوں گے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی کے امیدواروں کو ہی کامیاب بنائیںگے  تاکہ اس حکومت کو اقتدارسے بے دخل کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK