مختلف اضلاع میں پریس کانفرنس، آج مہاراشٹر، یوپی، راجستھان، جموں کشمیرا ور ادیشہ سمیت پورے ملک میں ’امبیڈکر سمان مارچ ‘ نکالا جائےگا۔
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 4:42 PM IST | Agency | New Delhi
مختلف اضلاع میں پریس کانفرنس، آج مہاراشٹر، یوپی، راجستھان، جموں کشمیرا ور ادیشہ سمیت پورے ملک میں ’امبیڈکر سمان مارچ ‘ نکالا جائےگا۔
پارلیمنٹ میں بابا صاحب امبیڈکر کیلئے امیت شاہ کے توہین آمیز بیان کے خلاف رواں ہفتے کو ’’امبیڈکر سمان سپتاہ‘‘ کے طور پر مناتے ہوئے پیر کو کانگریس نے اعلان کے مطابق ملک کےکم و بیش ۱۵۰؍ منتخب اضلاع میں پریس کانفرنس کی۔ کانگریس کے سینئر لیڈروں نے پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ دہرایا۔اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر، یوپی، راجستھان، یوپی ، جموں کشمیر اور ادیشہ سمیت ملک بھر میں منگل کو احتجاجی مارچ نکالنےکا فیصلہ کیاگیاہے۔ حکومت کے تیوروں کو دیکھتے ہوئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ بی جےپی کے اقتدار والی ریاستوں میں کانگریس کارکنوں کو روکنے کیلئے غیر معمولی طاقت کا استعمال کیا جا ئے گا۔
تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مارچ
منگل۲۴؍ دسمبر کو ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کانگریس پارٹی امبیڈکر سمان مارچ کرے گی اور صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم ہر ضلع کے کلکٹر کو سونپا جائے ۔اس میں امیت شاہ سے استعفیٰ دینےکا مطالبہ شامل ہوگا۔
پیر کو مدھیہ پردیش میںسینئر لیڈر دگ وجے سنگھ، کانگریس کی سوشل میڈیا سربراہ سپریہ شرینیت اور کملیشور پٹیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔اسی طرح جھارکھنڈ میں رمن بھلا اور ریاستی کانگریس صدررویندر شرما،بہار میں موہن شر ما اور ریاستی کانگریس صدراکھلیش پرساد سنگھ، یو پی میں سلمان خورشید ،پرمود تیواری ریاستی صدراجے رائے، اتراکھنڈ میں کانگریس لیڈر گردیپ سپل،اڈیشہ میں سپتا گری الاکا،مہاراشٹر میں ڈاکٹر نامدیو کرسن،تلنگانہ میں کرن کمار چمالااور اس کے علاوہ بھی دیگرریاستوں کے مختلف شہروں میں کانگریس لیڈران نے امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی۔
ایف آئی آر کے ذریعہ توجہ ہٹانے کی کوشش
کانگریس لیڈر وگورو گوگوئی نےبتایا کہ’’ ہم امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔امیت شاہ کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بی جے پی پروپیگنڈے اور جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعے ملک کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘انہوںنے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پوری طرح سے متحد ہوکر امیت شاہ سے مستعفی ہونے اور اپنے تضحیک آمیز الفاظ پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اگر وہ معافی نہیں مانگتے ہیں تو یہ بیان مستقبل میں بی جے پی اور ان کو بھاری پڑے گا۔‘‘
امبیڈکر کی توہین آئین مخالف سوچ کی غماز
لکھنؤ میں پارٹی کے ریاستی دفتر پرمنعقدہ پریس کانفرنس میں راجیہ سبھا ایم پی پرمود تیواری، سابق وزیر سلمان خورشید، ریاستی کانگریس کے صدر اجئے رائے، ایم پی کشوری لال شرما اور ایم پی راکیش راٹھو موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ’’ بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ بابا صاحب کی توہین ان کی آئین مخالف سوچ کو اجاگر کرتا ہے۔جس کی کانگریس سخت مذمت کرتی ہے۔‘‘ اس موقع پر اعلان کیاگیا کہ ’’کانگریس بی جے پی کی آئین مخالف سوچ اور دلتوں کے تئیںہتک آمیز رویے کو عوام کے سامنے لائے گی ۔ اس کیلئے مستقل کے خاکہ کو حتمی شکل بیلگام کرناٹک میں ہونے والی میٹنگ میں دی جائے گی۔ ‘‘
کانگریس قائدین نے احتجاج کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’بدقسمتی سے سنگھی ذہنیت پر چلنے والی بی جے پی ہمیشہ سے آئین مخالف رہی ہے اور اب اس نے بابا صاحب کی بھی کھلم کھلا توہین شروع کر دی ہے۔اگر آج ہم نے اس کا مقابلہ نہ کیا اور منہ توڑ جواب نہ دیا تو تاریخ اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔‘‘