مرکزی دفتر میں ہماچل پردیش اورآندھرا پردیش کی قیادت کے ساتھ حکمت عملی میٹنگ میں متحد ہوکر الیکشن لڑنے پر زور
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:28 AM IST | New Delhi
مرکزی دفتر میں ہماچل پردیش اورآندھرا پردیش کی قیادت کے ساتھ حکمت عملی میٹنگ میں متحد ہوکر الیکشن لڑنے پر زور
کانگریس عام انتخابات میں کامیاب ہونے کیلئے ایڑی چوٹی کازور لگا رہی ہے۔ کانگریس قیادت نے نئی دہلی میں ہماچل پردیش اور آندھرا پردیش کے لیڈروں کے ساتھ ایک اہم اور حکمت عملی سے متعلق میٹنگ کی جس میں لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران متحد ہوکر الیکشن لڑنے پر زور دیا گیا ۔ کانگریس ذرائع نے میٹنگ کے بعد بتایا کہ میٹنگ میں ہماچل پردیش اور آندھرا پردیش کے لیڈروں کے ساتھ۲۰۲۴ءکے لوک سبھا انتخابات اور اے پی کے ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پارٹی کے صدر ملکا ارجن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی کے تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، آندھرا پردیش کے جنرل سیکریٹری انچارج مانیکم ٹیگور ، ہماچل پردیش کے انچارج راجیو شکلا اوردیگر سینئر کانگریس لیڈر میٹنگ میں موجود تھے۔ اسی سلسلے میں پارٹی قیادت نے منگل کو پنجاب، بہار، جموں کشمیر اور لداخ کے لیڈروں سےعام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
کانگریس کے آندھرا پردیش کے انچارج مانیکم ٹیگور نے کہا کہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے۲۰۲۴ء کے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں آندھرا پردیش کانگریس کے لیڈروں سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن ان انتخابات کو بھرپور طاقت اور مضبوطی کے ساتھ متحد ہو کر لڑیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے آندھرا پردیش کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے آندھرا پردیش میں ترقیاتی کام متاثر ہوئے ہیں۔
کانگریس وعدے پورے کرنے کیلئے سرگرم
ادھر تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے۷؍ضمانتوں کا لوگو، پوسٹر اور درخواست فارم جاری کیا۔