• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانگریس پورے عزم کے ساتھ لوک سبھا انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہے: سچن پائلٹ

Updated: January 12, 2024, 3:19 PM IST | New Delhi

کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی ہمیں ’’عقیدت مند‘‘ ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتی۔ الزام عائد کیا کہ بی جے پی رام مندر کے افتتاح کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پائلٹ کے مطابق کانگریس عوام کے مسائل کی بنیاد پر پورے عزم کے ساتھ لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔

Sachin Pilot. Photo: INN
سچن پائلٹ۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی ہمیں عقیدت مند ہونے کا سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کر سکتی۔ خیال رہے کہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور سچن پائلٹ نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں جانے سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس نے رام مندر کے افتتاح کو بی جے پی کے ووٹ حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ چھتیس گڑھ کا پارٹی ریاستی انچارچ منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے ۳؍ افراد کو مندر کے افتتاح کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہم ایسی سیاست کو فروغ نہیں دیں گے جو اس معاملے میں اپنائی جا رہی ہے۔ میں یہ نہیں مانتا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی یہ سرٹیفکیٹ دے سکتی ہے کہ کون عقیدت مند ہے؟ ہم اس طرح کا فائدہ اٹھانے کو سراسر غلط سمجھتے ہیں۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مذہب انسان کی ذاتی پسند ہے۔ 
پائلٹ نے بی جے پی کے اقتدار والی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ۱۰؍ سال میں بی جے پی کے دور حکومت میں غریب اور امیر کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے۔ کسانوں کے خلاف تین سیاہ قوانین بنائے گئے۔ نوجوانوں کو اگنی ویر اسکیم کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے لوگوں کو پریشانیوں میں گھیر لیا ہے۔ کانگریس لوک سبھا ۲۰۲۴ء انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی پوری کوشش کرے گی کیونکہ وہ لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرے گی۔ تاہم، بی جے پی جذباتی مسائل کے ذریعے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کانگریس ہر تحصیل اور ریاست میں موجود ہے۔ ہم اسمبلی انتخابات ہار گئے لیکن ہم لوک سبھا انتخابات جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ کانگریس ہر حال میں یہ جنگ لڑنے کو تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK