• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افسوسناک سانحہ، کانگریس لیڈر شکیل احمد خان کے بیٹے نے خودکشی کی

Updated: February 04, 2025, 11:19 AM IST | Agency | Patna

۱۷؍ سالہ ایان خان اپنے والد کی سرکاری رہائش گاہ پر رات کے وقت تنہا ہی سویا تھا، صبح اس کی لاش لٹکی ہوئی دیکھی گئی۔

Shakeel Ahmed Khan. Photo: INN
شکیل احمد خان۔ تصویر: آئی این این

بہار میں ایک افسوس ناک سانحہ پیش آیا ہے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر اور کٹیہار ضلع کے کدوا حلقے سے ایم ایل اے ڈاکٹر شکیل احمد خان کے اکلوتے بیٹے نے خودکشی کر لی۔ پولیس ذرائع نے پیر کو ۱۷؍ سالہ ایان خان کی خودکشی کی تصدیق کی اور کہا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ بھی شروع کردی ہے تاہم خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ایان نے پٹنہ میں واقع اپنے والد کے سیکریٹریٹ تھانہ علاقے میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر خودکشی کی ہے۔ 
 بتایا جا رہا ہے کہ ایان رات کو کمرے میں اکیلے سویاتھا۔ صبح جب وہ نہ اٹھا تو لوگ اس کے کمرے میں گئے تو دیکھا کہ اس کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ فارینسک سائنس لیباریٹری کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریاست کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات شکیل احمد خان کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچنے لگی ہیں اور ان کے ساتھ اظہار تعزیت کررہی ہیں ۔ پورنیا کے رکن پارلیمان راجیش رنجن عرف پپو یادو نے ایک پوسٹ کے ذریعہ تعزیتی پیغام لکھا کہ ’’اس انتہائی افسوسناک خبر سے بہت افسردہ ہوں ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر میرے دوست ڈاکٹر شکیل احمد خان صاحب کے اکلوتے بیٹے کا انتقال ہوگیا۔ میری مکمل تعزیت شکیل بھائی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ ‘‘ اس موقع پر آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو، سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور قائد حزب اختلاف تیجسوی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس صدمے کی خبر سن کر آر جے ڈی کے ترجمان اعجاز احمد، ایم ایل اے قاری محمد شعیب، یوسف صلاح الدین، ریاستی جنرل سکریٹری ابھیشیک سنگھ اور دیگر آر جے ڈی لیڈران نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آر جے ڈی خاندان پوری طرح سے شکیل صاحب کے ساتھ کھڑا ہے۔ 
  خیال رہے کہ شکیل احمد خان کا شمار بہار بالخصوص کٹیہار ضلع کے قدآور لیڈروں میں ہوتا ہے۔ ان کی شبیہ کافی صاف ستھری ہے۔ پٹنہ یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد شکیل احمد خان نے جے این یو، دہلی سے ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں ۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد شکیل احمد خان نے ۱۹۹۹ء میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK