عروس البلاد کے ۳۶؍ اسمبلی حلقوں کے مہایوتی کے امیدواروں کو اپنے حامیوں کے ساتھ وزیراعظم کی ریلی میں پہنچناتھا مگر وہ شیواجی پارک کی تمام سیٹوں کو بھرنے میں ناکام رہے، شیوسینا (اُدھو)نے بھی خالی کرسیوں کی تصویر شیئر کی
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 11:47 PM IST | Mumbai
عروس البلاد کے ۳۶؍ اسمبلی حلقوں کے مہایوتی کے امیدواروں کو اپنے حامیوں کے ساتھ وزیراعظم کی ریلی میں پہنچناتھا مگر وہ شیواجی پارک کی تمام سیٹوں کو بھرنے میں ناکام رہے، شیوسینا (اُدھو)نے بھی خالی کرسیوں کی تصویر شیئر کی
ممبئی کے تاریخی شیواجی پارک میدان میں جمعرات کو وزیراعظم مودی کی ریلی میں خالی کرسیوں کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ انتخابی موضوع بن گیاہے۔ شیوسینا(اُدھو) نے خالی کرسیوں کی تصویر شیئر کرکے جہاں اسے وزیراعظم مودی کی مقبولیت میں کمی اور مہایوتی سے عوام کی ناراضگی سے تعبیر کیا وہیں کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور مہاراشٹر امور کے انچارج رمیش چینی تھلا نے پریس کانفرنس میں اس کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عوام اب وزیراعظم کا جھوٹ نہیں سننا چاہتے۔
واضح رہے کہ جمعرات کووزیراعظم نے اورنگ آباد اور پنویل میں ریلیوں سے خطاب کے بعد آخری ریلی دادر کے شیواجی پارک میں کی۔اس ریلی میں ممبئی کے تمام ۳۶؍ اسمبلی حلقوں کے مہایوتی کے امیدواروں کو اپنے حامیوں کےساتھ پہنچنا تھا۔ تاہم یہ امیدوار اور پارٹی کے دیگر لیڈر اپنے مقبول ترین لیڈر کے پروگرام کی تمام کرسیوں کو بھرنے میں ناکام رہے۔
وزیراعظم کی ریلی میں کرسیاں خالی رہ جانے پر جمعہ کو رمیش چینی تھلا نے بھی جمعہ کو طنز کیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی اپنی انتخابی ریلیوں میں جھوٹ اور بار بار جھوٹ ہی بولتے ہیں۔ مہاراشٹر کے عوام بھی اب یہ جان گئے ہیں اور اسی لئے ان کی ریلیوں میں لوگ جھوٹ سننے نہیں جاتے۔‘‘ رمیش چینی تھلا نے پریس کانفرنس میں شیواجی پارک میں مودی کی ریلی کی تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’ شیواجی پارک میں منعقدہونے والی ریلی میں بھی بہت کم لوگ تھے جس کی وجہ سے جلسہ میں بڑی تعداد میں کرسیاں خالی رہ گئیں ۔ نریندر مودی خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کے برعکس لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی انتخابی مہم کو عوام کا زبردست تعاون مل رہا ہے اور ان کی ریلیوں میں بھیڑ امڈ رہی ہے۔