• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لاڈلی بہن اسکیم کے مقابلے کانگریس ’مہا لکشمی اسکیم‘ متعارف کروانے کی تیاری میں

Updated: October 15, 2024, 11:15 PM IST | Mumbai

دہلی میں پارٹی کے سینئر لیڈران کی نگرانی میں بڑی باریکی سے مہاراشٹر کیلئے انتخابی منشور تیار کیا جا رہا ہے، کانگریس کا خواتین کو ڈیڑھ کی جگہ ۲؍ ہزار روپے دینے کا ارادہ

Can the Ladli Behan scheme bring Eknath Shinde back to power? (File Photo)
کیا لاڈلی بہن اسکیم ایکناتھ شندے کو دوبارہ اقتدار میں لا سکتی ہے ؟( فائل فوٹو)

مہایوتی حکومت جاتے جاتے عوام کیلئے کئی اعلانات کر رہی ہے۔ ان میں بیشتر ایسی ہیں جو براہ راست عام آدمی کو متاثر کریں گی۔ مہایوتی کو امید ہے کہ ان اسکیموں کی وجہ سے انہیں آسانی سے ووٹ مل جائیں گے۔ اب کانگریس نے بھی ان اعلانات کا مقابلہ کرنے کیلئے کمر کس لی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ دہلی میں بڑی باریکی سے پارٹی کے سینئر لیڈران انتخابی منشور تیار کرنے میں مصروف ہیں خاص کر لاڈلی بہن اسکیم کے مقابلے میں مہالکشمی اسکیم لانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ جہاں لاڈلی بہن اسکیم کے تحت خواتین کو ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ دیئے جا رہے ہیں وہیں کانگریس کوشش کر رہی ہے کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو ۲؍ ہزار روپے ماہانہ دیئے ہیں۔ اور بھی بہت سی اسکیمیں ہیں جن پر کام ہو رہا ہے اور بہت جلد کانگریس کا انتخابی منشور سامنے آ سکتا ہے۔
 لاڈلی بہن کے مقابلے مہالکشمی اسکیم
  لاڈلی بہن اسکیم اس وقت سرخیوں میں ہے ۔ لوگ قطار لگا کر اس اسکیم کے تحت پیسے حاصل کر رہے ہیں۔ ایسی صورت میں کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس کے مقابلے میں مہا لکشمی اسکیم لائے گی جس کے تحت خواتین   کے اکائونٹ یں براہ راست ۲؍ ہزار روپے جمع کروائے جائیں گے۔اس کیلئے کانگریس کو حکومت میں آنے کے بعد ۶۰؍ ہزار کروڑ روپے سالانہ مختص کرنے ہوں گے۔ پارٹی اس کیلئے ماہرین کے صلاح مشورے سے اپنا منشور تیار کر رہی ہے۔
 کسان سمان اسکیم
   اس کے علاوہ مہاراشٹر میں کسانوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کیلئے ’کسان سمان‘ اسکیم لانے کی بھی تیاری  ہو رہی ہے۔  اس اسکیم کے تحت کسانوں کے ۳؍ لاکھ روپے تک کے قرض معاف کرنے کاارادہ ہے۔ مگر اس اسکیم کیلئے حکومت کو مجموعی طور پر ۲۸؍ ہزار کروڑ روپے مختص کرنے ہوں گے جو ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ کانگریس کے سینئر لیڈران اس کا کوئی راستہ ڈھونڈنے کی کوشش میں ہیں۔ پوری چھان بین کے بعد اس اسکیم کو منشور میں شامل کیا جائے گا۔
خواتین کیلئے بس میں مفت سفر کا انتظام 
   اس  کے علاوہ کانگریس دہلی کی طرز پر مہاراشٹر میں خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔ اس اسکیم کا نام ’استری سمان‘ اسکیم رکھا جائے گا۔ اس کے تحت خواتین کو سرکاری بسوں میں کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔  اس کیلئے حکومت کو ایک ہزار ۴۶۰؍ کروڑ روپے مختص کرنے ہوں گے۔ یاد رہے کہ دہلی میں اروند کیجریوال کی حکومت نے خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر رکھی ہے۔ یہ اسکیم بھی کچھ ویسی ہی ہوگی۔ اسے بھی منشور میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
 بے روزگاروں کو ۴؍ ہزار روپے وظیفہ
   بے روزگاری میں اضافے کے پیش نظر نوجوانوں کیلئے بھی کانگریس کوئی اسکیم لا سکتی ہے۔اس کے تحت انہیں ماہانہ ۴؍ ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔  اس اسکیم کا ریاست بھر میں ساڑھے ۶؍ لاکھ نوجوان فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس کیلئے ایک خطیر رقم حکومت کو خرچ کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام افراد کو ۲۵؍ لاکھ روپے کا بیمہ فراہم کرنےکا بھی ارادہ کانگریس کے منشور میں شامل ہے۔ اس کیلئے کانگریس کے سینئر لیڈران سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ مہایوتی کے اعلانات اور کانگریس کے منشور میںسے عوام کسے پسند کرتے ہیں۔ اب جبکہ  ضابطہ اخلاق نافذ ہو چکا ہے، کانگریس جلد ہی اپنے منشور کو حتمی شکل دے کر عوام کے سامنے پیش کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK