روپے کی قدر کے معاملے میں کانگریس کا مودی سرکار پر شدید حملہ ، پوچھا کہ’’ یوپی اے کے دور میں روپے کی قدر پر ہنگامہ کرنے والے اب کہا ں ہیں ؟‘‘
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 10:31 AM IST | New Delhi
روپے کی قدر کے معاملے میں کانگریس کا مودی سرکار پر شدید حملہ ، پوچھا کہ’’ یوپی اے کے دور میں روپے کی قدر پر ہنگامہ کرنے والے اب کہا ں ہیں ؟‘‘
ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر لگاتار گرتی جا رہی ہے۔ ۱۰؍ جنوری کو ایک ڈالر کی قدر ۸۶؍ روپے کے پار پہنچ گئی تھی لیکن پھر یہ واپس ۸۵ء۸۶؍ پر بند ہوئی لیکن تب بھی روپے کی قدر میں یہ اب تک کی تاریخی گراوٹ ہے کیوں کہ اس سے پہلے کبھی ایک ڈالر کی قیمت ملک میں اتنی زیادہ نہیں ہوئی ہے۔ اس معاملے میں جہاں مودی حکومت پر شدید تنقیدیں ہو رہی ہیں وہیں سرکار سے یہ معاملہ سنبھالے نہیں سنبھل رہا ہے۔ اب اس معاملے میں کانگریس نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ایک ویڈیو گرافکس کے ذریعہ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے اور کہا کہ انہیں عوام کی پریشانیوں سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ وہ صرف اپنے دوستوں کی جیب بھرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کئے گئے پوسٹ میں کانگریس نے کہا کہ ’’ایک بار پھر روپیہ گر گیا ہے۔ روپیہ ڈالر کے مقابلے اب تک کے آل ٹائم لو پر پہنچ گیا ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ ۸۶؍ روپے پر پہنچ گیا ہے لیکن نریندر مودی کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ‘‘ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ سے آ رہی آواز یہ بھی بتاتی ہے کہ ’’معیشت کو تباہ و برباد کرنے کے بعد بھی نریندر مودی ملک کا دھیان اصل ایشوز سے بھٹکانے میں لگے ہوئے ہیں اور اپنے دوستوں کی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔ ‘‘
قابل ذکر ہے کہ ۱۰؍ جنوری کو ہی ایک ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر ۸۶؍ روپے کے پار پہنچ چکی تھی۔ اس سلسلے میں کئی اخبارات نے خبر شائع کی ہے۔ ان خبروں کے تراشوں پر مشتمل ویڈیو کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی اپنے ’ایکس‘ سے شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پرانا بیان سننے کو مل رہا ہے جب وہ یو پی اے حکومت میں روپے کی قدر کم ہونے پر ناراضگی ظاہر کیا کرتے تھے۔ اس ویڈیو کے ساتھ پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’ڈالر کے مقابلے روپے کی قیمت اب تک کی سب سے ذیلی سطح پر پہنچ گئی ہے لیکن سرکار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ ‘‘پرینکا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور کو بھی یاد کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کی مدت کار میں جب ایک ڈالر کی قیمت ۵۸؍ یا ۵۹؍ روپے تھی، تب نریندر مودی روپے کی قیمت کو حکومت کی آبرو سے جوڑتے تھے۔ وہ کہتے تھےمجھے سب معلوم ہے۔ کسی ملک کی کرنسی ایسے گر نہیں سکتی..... آج وہ خود وزیر اعظم ہیں اور روپے کی گراوٹ کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ انہیں ملک کےعوام کو جواب دینا چاہئے۔ ‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے ملک کا غیرملکی زرمبادلہ کا ذخیرہ بھی کم ہو گیا ہے۔ غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں ، خصوصی ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس ذخائر میں کمی کی وجہ سے ۳؍جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ۷ء۵؍ بلین ڈالر کم ہو کر ۶۳۵؍ بلین ڈالر رہ گئے ہیں۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ۴ء۱؍ ارب ڈالر کم ہو کر ۶۴۰؍ارب ڈالر رہ گئے تھے۔ ریزرو بینک کی طرف سے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے اثاثہ جو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو ہیں ۶؍ بلین ڈالر کی کمی کے ساتھ ۵۴۵؍ بلین ڈالر رہ گئے۔ ساتھ ہی اس عرصے کے دوران سونے کے ذخائر بھی کم ہوئے ہیں۔ یہ ۶۷؍ ارب ڈالرس رہ گئے ہیں۔ ان سب کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی اقدام نہ کئے جانے سے سرکار پر شدید تنقیدیں ہو رہی ہیں۔