• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جموں کشمیر میں مسلسل کئی دہشت گردانہ حملوں کیخلاف کانگریس کا راج بھون کا گھیرائو

Updated: July 19, 2024, 10:42 AM IST | Agency | Jammu

پولیس کو احتجاج ناکام بنانے میں ناکوں چنے چبانے پڑے، حالات کو قابو کرنے میں مرکزی حکومت کی ناکامی پر شدید تنقیدیں۔

The policemen are trying to stop the Congress workers from proceeding. Photo: PTI
کانگریس کارکنوں کو پولیس اہلکار آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تصویر : پی ٹی آئی

جموں خطے میں دہشت گردانہ حملوں میں غیر معمولی اضافہ کے خلاف کانگریس نے جمعرات کو جموں میں ایک احتجاجی جلوس نکالا اور راج بھون کی طرف پیش قدمی شروع کی تاہم پولیس نے کانگریس کے متعدد لیڈران کو حراست میں لے لیا لیکن اسے احتجاج کو روکنے میں ناکوں چنے چبانے پڑے۔اطلاعات کے مطابق کانگریس کے جموں کشمیر انچارج بھرت سنگھ سولنکی کی سربراہی میں کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنوں نے حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ جوں ہی احتجاج کے شرکاءنے راج بھون کی طرف پیش قدمی شروع کی تو پہلے سے تعینات سیکوریٹی فورسیزنے کانگریس لیڈران کو روکا تاہم وہ آگے جانے پر بضد تھے جس کے بعد پولیس نے متعد د لیڈران کو احتیاطی طورپر حراست میں لےلیا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بھرت سنگھ سولنکی نے کہا کہ مرکزی سرکار اور جموں کشمیر انتظامیہ حالات کو معمول پر لانے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو چکے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات آئے دن رونما ہو رہے ہیں اور سرکار ملک دشمن عناصر کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا رہی ہے۔ بھرت سنگھ سولنکی نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سبھی اختیارات لیفٹیننٹ گورنر کو تقویض کر کے جمہوریت کو پوری طرح ختم کرنے کا راستہ ہموار کردیا گیا ہے جس سے یہاں دہشت گردوں کے بھی حوصلہ بلند ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق جموں خطہ اب تک ہر طرح کی شدت پسندی اور دہشت گردی سے پاک تھا لیکن اب یہاں پر بھی دہشت گردی پنپ رہی ہے جو تشویشناک بات ہے۔
 اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر وقار رسول وانی نے کہاکہ `مرکزی حکومتت نے۲۰۱۹ء میں ہم سے ریاست کا درجہ چھین لیا اور کہا کہ اب یہاں حالات سدھر جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ `جموں خطے میں ۲۰۱۴ء تک حالات ٹھیک تھے او شدت پسند عناصر بھی ختم ہورہے تھے لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران اس خطے میں ہمارے ۴۸؍جوان شہید ہوئے ہیں۔غلام رسول وانی نے مزید کہا کہ `یہاں ایمر جنسی جیسی صورتحال ہے اور اور گزشتہ ۷؍برس سے یہاں گورنر راج قائم ہے۔ہم عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے مرکز کو یہاں اسمبلی الیکشن کرانے کی ہدایت دی ہے۔
  واضح رہے کہ کانگریس کارکنوں نے احتجاج کے دوران پولیس کے لئے کافی مشکلیں کھڑی کردی تھیں۔ انہوں نے راج بھون تک پہنچنے کے لئے پورا زور لگادیا تھا جس کی وجہ سے پولیس کے ہاتھ پیر پھول گئے تھے لیکن زائد کمک پہنچتے ہی پولیس نے تمام کارکنوں کو کھدیڑ دیا اور انہیں راج بھون سے ایک کلومیٹر پہلے ہی روکنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ جن لیڈران کو حراست میں لیا گیاتھا انہیں علامتی کارروائی کرنے کے بعد رہا کردیا گیا  جبکہ پارٹی کے کارکنوں کو بھی وارننگ دے دے کر چھوڑ دیا گیا۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK