• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ووٹرس ڈے پر الیکشن کمیشن کے خلاف کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

Updated: January 22, 2025, 10:36 AM IST | Iqbal Ansari | Dadar

غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنے میں ناکام الیکشن کمیشن کے خلاف کانگریس نے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا۔

Nana Patole (right) addressing a press conference at Tilak Bhavan in Dadar. Photo: INN
دادر میں واقع تلک بھون میں نانا پٹولے(دائیں)پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن مہاراشٹر میں غیر جانبدانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے اور ووٹنگ کے آخری ایک گھنٹے میں ۷۶؍ لاکھ ووٹ کیسے بڑھ گئے ؟اس کا جواب نہیں دے سکا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ان حرکتوں کے خلاف، جمہوریت کے تحفظ اور ووٹروں کے حقوق کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے ۲۵؍  جنوری کو قومی ووٹرس ڈے کے موقع پر ریاست بھر میں ضلعی اور تحصیل کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیا جائے گا اور عوام میں بیداری پیدا کی جائے گی۔ ان مظاہروں میں ریاست کے اہم لیڈربھی شامل ہوں گے۔ یہ اعلان مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی ( ایم پی سی سی ) کے صدر نانا پٹولے نے کیا۔ 
 منگل کو دادر میں واقع تلک بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں دھاندلی واضح طور پر نظر آتی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے ۶؍ماہ بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ۵۰؍لاکھ ووٹروں کا اضافہ کیسے ہوا؟ پولنگ کے دن شام ۵؍بجے کے بعدرات کی تاریکی میں ۷۶؍ لاکھ ووٹوں کا اضافہ کیسے ہوگیا؟ کانگریس پارٹی نے انتخابی کمیشن سے اس کے شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ابھی تک یہ اعداد و شمار فراہم نہیں کئےگئے۔ مرکز میں بی جے پی حکومت نے ایسا قانون بنایا ہے جو انتخابی کمیشن کو یہ معلومات فراہم کرنے سے روکتا ہے۔ یہ قانون دراصل بی جے پی اور انتخابی کمیشن کی جانب سے ووٹوں پر ڈالے گئے ڈاکے کو چھپانے کی کوشش ہے۔ 
بدعنوان پولیس افسران سیف علی خان کو تحفظ دینے میں ناکام
 معروف بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ان کی رہائش گاہ میں قاتلانہ حملہ پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’ بی جے پی حکومت میں قابل افسران کو کنارہ کر کے بدعنوان افسران کو اہم عہدوں پر فائز کیا گیا ہے اور اسی لئے سیف علی خان جیسے معروف شخصیت پر حملے کو روکنے اور انہیں تحفظ  فراہم کرنے میں ممبئی پولیس بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ممبئی پولیس کو اسکاٹ لینڈ یارڈ کی پولیس سے زیادہ قابل قرار دیاجاتا ہے لیکن افسران کی ترقی اور تبادلے میں بدعنوانی کے سبب وہ جرائم روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK