کانگریس نے پہلگام حملے کے خلاف سنیچر کو ملک گیر سطح پر کینڈل مارچ نکالا تاکہ بے قصور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
EPAPER
Updated: April 26, 2025, 11:54 PM IST | New Delhi
کانگریس نے پہلگام حملے کے خلاف سنیچر کو ملک گیر سطح پر کینڈل مارچ نکالا تاکہ بے قصور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
کانگریس نے پہلگام حملے کے خلاف سنیچر کو ملک گیر سطح پر کینڈل مارچ نکالا تاکہ بے قصور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی دہلی میں پارٹی لیڈران اور کارکنان کے ساتھ کینڈل مارچ میں شامل ہوئے ۔ اس کینڈل مارچ کے کچھ ویڈیوز اور تصویریں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں ۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا کہ پہلگام میں ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے نے۲۸؍ (حالانکہ حکومت نے۲۶؍ مہلوکین کی فہرست جاری کی ہے) بے گناہوں کی جان لے لی ۔ یہ انسانیت کے خلاف سب سے بڑا جرم ہے، جس کی کوئی معافی نہیں ہے۔
دہلی میں کانگریس کے ذریعے نکالے گئے کینڈل مارچ میں پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے کچھ رخنہ پیدا کئے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ کانگریس سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا کہ ’’ایک ایسے مقصد کیلئے نکالے جانے والے پُرامن کینڈل لائٹ مارچ کو جس کیلئے پورا ملک متحد ہے، حکومت کی جانب سے روکنے کی کوشش سراسر شرمناک ہے ۔ راہل گاندھی کانگریس دفتر سے مہاتما گاندھی اسمرتی تک مارچ میں شریک تھے لیکن دہلی پولیس نے اس پر اعتراض کیا اور پروگرام میں مکمل انارکی اور گمراہی پھیلا دی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا ’’دہلی پولیس کا یہ طرز عمل مشکل وقت میں اتحاد و یکجہتی کے نظریات کے تئیں بی جے پی کے کھوکھلے عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔‘‘کانگریس نے بہار، آسام، تلنگانہ، گوا، کشمیر اور تمل ناڈو میںبھی سرکردہ پارٹی لیڈران کی قیادت میں کینڈل مارچ نکالا۔ بہار میں کانگریس کارکنان نے ریاستی صدر راجیش کمار کی قیادت میں کینڈل مارچ نکال کر پہلگام میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح تلنگانہ کانگریس نے بھی کینڈل مارچ نکالا جس میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے علاوہ کئی سینئر پارٹی لیڈران کی شرکت ہوئی۔ اس کینڈل مارچ میں مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی شرکت کی۔ گوا میں ریاستی کانگریس صدر امیت پاٹکر اور آسام میں ریاستی پارٹی صدر بھوپین کمار بورا اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈرگور گوگوئی کی قیادت میں کینڈل مارچ نکالا گیا۔