ممبئی کے شیواجی پارک اور نوی ممبئی کے کھارگھر میں انتخابی جلسوں سےوزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب۔ مرکز میں اپنی حکومت اور مہاراشٹر میںمہایوتی سرکارکی کامیابیاں گنوائیں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 9:45 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبئی کے شیواجی پارک اور نوی ممبئی کے کھارگھر میں انتخابی جلسوں سےوزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب۔ مرکز میں اپنی حکومت اور مہاراشٹر میںمہایوتی سرکارکی کامیابیاں گنوائیں۔
جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے نوی ممبئی میں کھارگھر علاقے کے سینٹرل پارک اور اس کے بعد شام کو ممبئی کے شیواجی پارک میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ دونوں ہی ریلیوں میں انہوں نے کانگریس اور مہا وکاس اگھاڑی پر شدید تنقید کی اور انہیں پسماندہ طبقات کو آپس میں لڑاکر حکومت کرنے والا اور ملک کی ترقی کی مخالفت کرنے والا محاذ قرار دیا۔ انہوں نے درج فہرست ذات اور قبائلیوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے ایک بار پھر یہ نعرہ دیا ’ایک ہیں تو سیف ہیں‘۔ انہوں نے مرکز میں اپنی حکومت اورمہاراشٹر میں مہایوتی حکومت کی کامیابیاں بھی گنوائیں۔
شیواجی پارک میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’’مہاوکاس وہ اگھاڑی ہے جو کشمیرمیں دفعہ ۳۷۰؍ واپس نافذ کرنے کی تجویز پیش کرتی ہے ،وہاں بابا صاحب امبیڈکر کو آئین نافذ کرنے کی مخالفت کرتی ہے اور رام مندر کی مخالفت کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ممبئی سپنوں کا شہر ہے تو مہا یوتی ان سپنوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔‘‘
قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے کھارگھر میں تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ’’ کانگریس نے تو ہمیشہ غریب کو غریب ہی بنائے رکھنے کے ایجنڈے پرکام کیا ہے۔ پیڑھی درپیڑھی یہ لوگ غریبی ہٹاؤ کا جھوٹا نعرے دیتے اور گاتے رہے۔ اسی نعرے پر کانگریس نے غریب ہی کولوٹ لیا۔اس لئے میراغریب زندگی کی مشکلوں سے باہر نہیں آپایا۔ روٹی کپڑا مکان آزادی کے ۷۰؍ سال بعد بھی ملک کے زیادہ تر لوگ اسی کو پانے میں جوجھتے ہیں۔ گزشتہ ۱۰؍ برس میں پہلی مرتبہ یہ حالات بدلے ہیں اور پہلی مرتبہ کوئی سرکار ۲۵؍ کروڑ لوگوں کو غریبی سے باہر لائی ہے۔ ہم نے ۴؍کروڑ بے گھر لوگوں کو پہلے بار پکے مکان کی سکھ دیا۔ ۱۲؍ کروڑ غریبوں کے گھروں میں بیت الخلاء بنا کر انہیں عزت سے جینے کا حق دیاہے۔ جل جیون مشن چلا کر ہم نے ۱۲؍ کروڑ گھروں میں پہلی بار پائپ سے پانی پہنچایا۔ آج ملک میں قریب قریب ہر شخص کے پاس اپنابینک کھاتہ ہے۔ ایک محنت کش مزدور اور غریب آدمی بھی یو پی آئی کے استعمال سے موبائل سے پیمنٹ کر رہا ہے۔ غریب اب خود بھی آگے بڑھ رہا ہے اور ملک کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔ ان اسکیموں کا سب سے زیادہ فائدہ ہمارا دلت ، آدی واسی اور ہمارا پچھڑا سماج اٹھا رہا ہے۔ مہا یوتی سرکاری کی اسکیمیں آج پچھڑے طبقوں کی طاقت بن گئی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’ جو کام ۱۰؍ سال میں ہوئے، وہ کام پہلے بھی ہو سکتے تھے لیکن کانگریس کی سرکاروں کی منشا ہی نہیں تھی کہ غریب آگے آکر اپنا حق مانگے۔ اس لئے آج بھی کانگریس ایسی ہر یوجنا کی مخالفت کر رہی ہے جو غریبوں ،پسماندہ طبقے اور متوسط طبقے کی فلاح والی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں مہا یوتی سرکار مہاراشٹر کی میری لاڈلی بہن یوجنا کی رقم میں دوگنا کر رہی ہے لیکن اس سے کانگریس اور اگھاڑی والے اس کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس کیلئے اس اسکیم کورکوانے کیلئے کورٹ تک چلے گئے تھے۔اس سےاندازہ ہوتا ہےکہ اگھاڑی والو ں کے ارادے کتنے خطرناک ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی کا نام لئےبغیر کہا کہ ان (کانگریس)کے شہزادے بیرون ملک جاکر کہہ چکے ہیں کہ انہیں موقع ملا تو وہ ریزرویشن ختم کر دیں گے۔ اس لئے ایس سی ، ایس ٹی کے اتحاد کو توڑنے میں جٹی ہوئی ہے۔ کانگریس چاہتی ہے کہ ایس سی، ایس ٹی کا آپس میں ٹکراؤ ہو جائے ۔ہمیں کانگریس کے اس ایجنڈے سے ہوشیار رہنا ہے اور یاد رکھنا ہے کہ اگر ہم ایک ہیں تو سیف ہیں!اس چناؤ میں صرف اپنا رکن اسمبلی نہیں چنیں گے بلکہ آپ مہاراشٹر کا مستقبل بھی طے کریں گے اور یہ مہا یوتی کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔