• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانگریس کارکنان کا ’کیچڑ پھینکو‘ احتجاج، ناگپور میں پولیس سے تصادم

Updated: June 22, 2024, 9:11 AM IST | Ali Imran | Nagpur

بی جے پی حکومت کے علامتی پتلوں اور تصویروں پر کیچڑ پھینک کر امتحانات میں بدعنوانی اور کسان مخالف پالیسیوں کے خلاف ناراضگی ظاہر کی گئی۔

Police carrying away a Congress worker. Photo: PTI
پولیس ایک کانگریس کارکن کو اٹھا کر لے جاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

نیٹ امتحان میں بد عنوانی اور پیپر لیک معاملہ کے علاوہ بی جے پی حکومت کی کسان و غریب مخالف پالیسی کے خلاف کانگریس کی طرف سے ریاست بھر میں ’کیچڑ پھینکو ‘احتجاج کیا گیا۔  اس دوران  ناگپور میں  کانگریس کارکنان کی  پولیس کے ساتھ جھڑپ  ہوگئی۔ اس میں کانگریس کارکنان کے کپڑے پھٹ گئے۔  کانگریس رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے نے پولیس پر جانبداری اور حکمرانوں کے اشارے پر سختی کرنے کا الزام لگایا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو کانگریس نے ریاست بھر میں کیچڑ پھینکو احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ ناگپور میں بھی ورائٹی چوک پر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے یہ احتجاج  کیا گیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے، پرشانت دھوڑ، اتل کوٹیچا، وشال متیموار،خاتون  کانگریس کی شہر صدر نندا پراتے سمیت سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔  کانگریس کے ناگپور ضلع صدر راجندر ملک بھی موجود تھے۔  وکاس ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیچڑ پھینک احتجاج بدعنوان، کسان مخالف بی جے پی حکومت کے خلاف ایک منظم احتجاجی تحریک ہے۔ چھترپتی شیواجی  ،  شاہو مہاراج، مہاتما پھلے اور  بابا صاحب امبیڈکر کے افکار پر چلنے والے  مہاراشٹر کی شبیہ کو موجودہ بدعنوان مخلوط حکومت نے داغدار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں طبقہ مذہب کے نام پر اور ریزرویشن کے نام پر  دو سماجوں  کے درمیان  کشیدگی  کو ہوا دے رہا ہے اور  ریاست میں   امن وامان کو بگاڑ رہا ہے۔ وکاس ٹھاکر کے مطابق گزشتہ۱۰؍ سال میں بی جے پی حکومت نے ریاست کی صنعتی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ ریاست کی بڑی صنعتوں کو گجرات بھیج دیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی بھرتی نہیں کی جارہی ہے۔ مقابلہ جاتی امتحانات وقت پر نہیں ہوتے، اگر یہ امتحانات ہوتے بھی ہیں تو پیپر لیک ہو جاتے ہیں۔ حکومت کی نگرانی میں ہوئے نیٹ امتحان کے پرچے لیک ہونے اور نتائج میں بددیانتی کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ریاست میں پولیس بھرتی کیچڑ میں چل رہی ہے۔ جس سے امیدواروں کو نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت سرکاری اسامیوں کو پر کرنے ٹال مٹول کرنے سے بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہو گیا ہے۔ ریاست میں امن و امان مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جرائم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ خواتین اور لڑکیوں کو دن دیہاڑے سڑکوں پر قتل کیا جا رہا ہے۔ 
 پولیس کے ساتھ تصادم 
  اس دوران رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کی قیادت میں کانگریس کارکنان نے ناگپور کے ورائٹی چوک پر بی جے پی حکومت کے علامتی پتلے پر کیچڑ پھینکا اور رکاوٹیں پھلانگ کر سڑک پر آگئے جسکے باعث ورائٹی چوک پر ٹریفک درہم برہم ہوگیا۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی۔ مظاہرین و پولیس کے درمیان لفظی جھڑپ ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ پولیس مظاہرین کو زبردستی راستے سے ہٹانے کی کوشش کرنے لگی۔ احتجاج پرتشدد ہونے پر پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا اور پولیس نے کچھ مظاہرین کو حراست میں بھی لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK