• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انوراگ ٹھاکرکی بدزبانی کے خلاف کانگریس کارکنان کا مختلف مقامات پر احتجاج

Updated: August 02, 2024, 11:08 AM IST | Agency | Nagpur

ناگپور میں بی جے پی رکن پارلیمان کے مجسمے کو پیروں تلے روندا گیا تو چندر پور میں ان کی تصویر پر سیاہی پھینکی گئی، کانگریس کارکنان کی مزید علاقوں میں احتجاج کرنے کی تیاری۔

Protest at Shivaji Maharaj Chowk in Chandrapur. Photo: INN
چندر پور کے شیواجی مہاراج چوک پر احتجاج۔ تصویر : آئی این این

راہل گاندھی نے ذات کے لحاظ سے مردم شماری کا مطالبہ کیاتو  بی جے پی کے رکن پارلیمان انوراگ ٹھاکر نے یہ کہہ کر ان کی توہین کرنے کی کوشش کی کہ ’’جسکی ذات کا پتہ نہیں ہے، وہ ذات کے لحاظ سے مردم شماری کا مطالبہ کر رہاہے۔‘‘ اس بیان پر کانگریس کارکنان سخت ناراض ہیں اور انہوں نے مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں انوراگ ٹھاکر کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔  جمعرات کو ناگپور اور چندر پور میں کانگریس کارکنان نے مورچہ نکالا اور ٹھاکرکی تصویر پر جوتے مارے۔ 
ناگپور شہر  کے ورائٹی چوک پر کانگریس شہر صدر  اوررکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کی قیادت میں  وزیر اعظم نریندر مودی اور رکن پارلیمان انوراگ ٹھاکر کے علامتی مجسمے کو روند کر غصے کا اظہار کیا گیا۔ کچھ مشتعل کارکنان نے سٹی بس کو روک کر راستہ جام کرنے کی کوشش کی اور نعرے لگائے ۔ اس احتجاج میں سابق وزیر نتن راوت، رکن اسمبلی ابھیجیت ونجاری، تانا جی ونوے،   پرگیہ بڑوائک، دنیش بنا باکوڑے، گریش پانڈو، منوج سانگولے، سندیپ سہارے سمیت کئی کارکنان نے حصہ لیا۔ اس موقع پر کانگریس عہدیداروں نے کہا کہ ہمارا یہ احتجاج بی جے پی، وزیر اعظم مودی اور انوراگ ٹھاکرکے خلاف ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے اپنی پارٹی کا منووادی چہراہ دکھا کر ملک کی ۸۰؍  فیصد   بہوجن  آبادی کی توہین کی ہے۔ جو لوگ لوک سبھا میں اپوزیشن  لیڈ  کی ذات   پوچھتے ہیں وہ اسی ذہنیت کے ہیں جنہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاجپوشی کرنے سے انکارکیا تھا۔ انہی لوگوں نے جگد گرو سنت تکارام مہاراج،مہاتما جیوتی با  پھلے، ساوتری بائی پھلے، اور بابا صاحب امبیڈکر، کے کام میں رکاوٹیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ انوراگ ٹھاکر نے یہ دکھا دیا ہے کہ اونچ نیچ  پر مبنی منووادی سوچ کے لوگ اکیسویں صدی میں بھی موجود ہیں۔   وزیر اعظم  مودی نے منوواد نظام کی تائید کی ہے، جو انوراگ ٹھاکر کے بیان سے بھی زیادہ سنگین ہے۔ان کارکنان نے انوراگ ٹھاکر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ 
چندر پور میں بھی احتجاج
ودربھ ہی کے ایک اور ضلع چندر پور میں بھی کانگریس کارکنان نے بی جے پی اور ااس کے رکن پارلیمان انوراگ ٹھاکر کے خلاف احتجاج کیا۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور برہم پوری حلقہ سے رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار کی ایما پر یہ احتجاج کیا گیا۔ برہم پوری کے شیواجی مہاراج چوک پر یوتھ کانگریس کی ریاستی جنرل سیکریٹری شیوانی وڈیٹیوار کی قیادت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان جمع ہوئے۔ اس موقع پر انوراگ ٹھاکر کی علامتی تصویر پر سیاہی پھینکی گئی۔ بی جے پی حکومت کی منووادی سوچ کے خلاف نعرے  بھی لگائےگئے۔ اس احتجاج میں برہم پوری تعلقہ کانگریس کمیٹی کے صدر عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یاد رہے کہ انوراگ ٹھاکر کے بیان پر ملک بھر میں پسماندہ طبقے کے لوگ ناراض ہیں اور کئی مقامات پر انکے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں۔ کانگریس کارکنان ریاست کے مزید علاقوں میں علاقوںمیں ان کے خلاف احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK