Updated: April 16, 2025, 11:13 PM IST
| Mumbai
نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس کی لیڈر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان پروفیسر ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں کانگریس ورکروں نے ممبئی ای ڈی کے دفتر کے باہر بدھ کو احتجاج کیا۔
رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ کو پولیس پکڑکر لے جاتے ہوئے ۔(تصویر،انقلاب )
نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس کی لیڈر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان پروفیسر ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں کانگریس ورکروں نے ممبئی ای ڈی کے دفتر کے باہر بدھ کو احتجاج کیا۔اس تعلق سے کانگریس لیڈروں کا الزام ہے کہ فرنویس حکومت کی پولیس نے انہیں احتجاج کرنے نہیں دیا اور ورشاگائیکواڑ سمیت متعدد ورکروں کے ساتھ مارپیٹ کی جس کے سبب متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے اور متعدد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ ورشا گائیکواڑ اور ساتھیوں کے ساتھ پولیس کے اس رویہ پر کانگریس لیڈروں نے شدید ناراضگی کا مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کے وزیر داخلہ اور ممبئی کے پولیس کمشنر کو اس معاملے میں معافی مانگنی چاہئے اور حکومت کو اس معاملے کی جانچ کر کے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔
اس ضمن میں ممبئی کانگریس کی صدر اوررکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہا ’’ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے خوفزدہ مودی حکومت نے سیاسی انتقام کے مقصد سے ای ڈی کے ذریعے سونیا جی گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کی ہے۔ جب ممبئی کانگریس پُرامن اور جمہوری طریقے سے ای ڈی کے دفتر کے سامنے بی جے پی کی آمرانہ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی تھی، فرنویس حکومت نے پولیس کا استعمال کرتے ہوئے احتجاج کو کچلنے کی کوشش کی۔ مجھے اور دیگر کانگریس کارکنوں کو مارا پیٹا اور غیر انسانی طریقے سے حراست میں لیا ۔ مَیں اور کئی کارکن زخمی ہوئے ہیں ۔ ‘‘
ورشا گائیکواڑ نے وزیر داخلہ سے اس معاملے میں معافی مانگنے اور پولیس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت اور ممبئی پولیس کے جبر کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو جمہوریت کا تحفظ کرتی ہے اور لوگوں کے حقوق کے لئے مسلسل جدوجہد کرتی ہے۔بی جے پی اور نریندر مودی راہل گاندھی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان پر جھوٹے مقدمات اور من گھڑت الزامات لگا کر ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ورشا گائیکواڑ نے مزید کہاکہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف جھوٹی چارج شیٹ داخل کرکے بی جے پی کی ای ڈی نے دکھایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی راہل گاندھی سے کتنے ڈرتے ہیں۔ لیکن راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی بی جے پی کی ایسی حرکتوں سے ڈرنے والی نہیں۔