صدر جمہوریہ نے کہا کہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے پورا ملک ایک ساتھ کوشش کرے تو کامیابی ملے گی ،انصاف ،آزادی ، مساوات اور بھائی چارہ جیسی قدریں آئین کی اساس ہیں
EPAPER
Updated: November 26, 2024, 11:26 PM IST | New Delhi
صدر جمہوریہ نے کہا کہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے پورا ملک ایک ساتھ کوشش کرے تو کامیابی ملے گی ،انصاف ،آزادی ، مساوات اور بھائی چارہ جیسی قدریں آئین کی اساس ہیں
ملک کا آئین اپنانے کی ۷۵؍ ویں سالگرہ کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم باتیں کہیں۔ انہوں نے ملک کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ آئینی نظریات کو نافذ کرنے میں اپنا کردار نبھائیں اور اس کے بنیادی فرائض پر عمل کرتے ہوئے ۲۰۴۷ء تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے میں اہم رول ادا کریں۔ اس تقریب کے دوران سینٹرل ہال کے اسٹیج پر صدر جمہوریہ کے علاوہ نائب صدر جگدیپ دھنکر ، وزیر اعظم مودی ، لوک سبھا میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ، راجیہ سبھا کے ہائوس لیڈر جے پی نڈا اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگےموجود تھے۔
صدر کا خطاب
صدر مرمو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ۷۵؍ سال پہلے اسی دن، اس مرکزی ہال میں ایوانِ دستور، دستور ساز اسمبلی نے ایک نئے آزاد ملک کے لئے آئین کا مسودہ تیار کرنے کا عظیم کام مکمل کیا تھا ۔ اس دن دستور ساز اسمبلی کے ذریعے ہم نے، ہندوستان کے لوگوں نے، اس آئین کو اپنایا، نافذ کیا اور اپنے لئے وقف کیا۔ ہمارا آئین ہماری جمہوریت کی مضبوط بنیاد ہے۔ ہمارا آئین ہمارے اجتماعی اور انفرادی وقار کو یقینی بناتا ہے۔ صد ر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارا آئین زندہ جاوید اور ترقی پسند دستاویز ہے۔ دور اندیش اور بصیرت رکھنے والے ملک کے آئین سازوں نے بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق نئے نظریات کو ا پنانے کا بندوبست کیا تھا۔ ملک نے آئین کے ذریعے سماجی انصاف اور جامع ترقی سے متعلق بہت سے پرجوش اہداف حاصل کئے ہیں اور یہ ہماری بہت بڑی کامیا بی ہے۔
عالمی امن میں کردار
در جمہوریہ نے کہا کہ ایک نئے انداز کے ساتھ ہندوستان غیر ملکیوں کی برادری میں اپنی شناخت بنارہا ہے۔دستورکے معماروںنے ہندوستان کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کی ہدایت دی تھی اور آج ایک اہم معیشت ہونے کے ساتھ ساتھ ہندوستان `’عالمی دوست‘ کا کردار بھی بخوبی ادا کر رہا ہے۔ صدر مرمو نے کہا کہ تقریباً تین چوتھائی صدی کے آئینی سفر میں ملک نے قابل ذکر حد تک اپنی صلاحیتوں اور روایات کو فروغ دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے جو سبق سیکھا ہے اسے اگلی نسلوں تک پہنچانا اب ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
یوم آئین بنانے کا سلسلہ
صدر نے اپنے خطاب کے دوران نے کہا کہ۲۰۱۵ء سے ہر سال ’یوم آئین‘ منانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس سے نوجوانوں میں آئین کے بارے میں بیداری کے فروغ میں کافی مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اگلے سال ۲۶؍ جنوری کو یوم جمہوریہ کی ۷۵؍ ویں سالگرہ منائے گا اور امید ہے کہ یہ سالگرہ بھی نہایت شاندار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات ہمیں بطور ملک اپنے اب تک کے سفر کا جائزہ لینے اور آگے کے سفر کے لئے بہتر منصوبہ بندی کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اس طرح کی تقریبات ہمارے اتحاد کو مضبوط کرتی ہیں اور یہ ظاہر کرتی ہیں کہ ہم قومی مقاصد کے حصول کی کوششوں میں ایک ساتھ ہیں۔
آئین کو عالمی دستاویز قرار دیا
صدرمرمو نے کہاکہ ایک لحاظ سے دیکھا جائے تو ملک کاآئین ہمارے کچھ عظیم مفکرین کے تقریباً تین سال کے غور و فکر کا نتیجہ ہےلیکن حقیقی معنوں میں یہ ایک طویل جدو جہد آزادی کا نتیجہ تھا۔ اس بے مثال قومی تحریک کے نظریات آئین میں درج تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے دیباچے میں انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کی قدروں کوشامل کیا گیا ہے۔ یہ ہمارے دستور کی اساس ہیں۔ واضح رہے کہ اس تقریب سے نائب صدر جگدیپ دھنکر نے بھی خطاب کیا۔