• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ میں ریلوے کی زمین پر جھوپڑے پھر تعمیر ،انتظامیہ بے خبر !

Updated: September 14, 2023, 10:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مقامی لوگوں نے الزام عائدکیا کہ ریلوے کے اہلکاروں کی ملی بھگت ہے ورنہ یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ریلوے نےکارروائی کا انتباہ دیا

Such huts have been built on railway land in Bandra
باندرہ میں ریلوے کی زمین پر اس طرح جھوپڑے بنائے گئے ہیں

 اسٹیشن سے متصل ہاربر لائن کی جانب پھر کئی جھوپڑے بنالئے گئے ہیں لیکن ریلوے انتظامیہ اور آر پی ایف آنکھیں بند کئےہوئےہیں۔کسی دن پھر اچانک بھاری بھرکم فورس لگاکر انہدامی کارروائی شروع ہوگی اوریہ باور کرایاجائے گا کہ ریلوے انتظامیہ بیدار ہےاورکسی کو ایک انچ زمین قبضہ نہیںکرنے دیاجائے گا۔اس تعلق سےکچھ مقامی لوگو ںکا کہنا ہے کہ یہ سب ریلوے اہلکاروں اورریلو ے پروٹیکشن فورس کی ملی بھگت کانتیجہ ہے،ورنہ  ایسا ہونا ممکن ہی نہیںہے کہ ایک بھی جھوپڑا بنے اورریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوئی ہمت کرسکے۔
 نمائندۂ انقلاب نے دیکھاکہ ہارلائن کی جانب پائپ لائن کےقریب لائن سے کئی جھوپڑے بنائےگئے ہیںاور لوگ وہاں رہ رہے ہیں۔بارش سےقبل یہاں ریلوے کی جانب سےانہدامی کارروائی کی گئی تھی اس کے بعد اب تومزیداہتمام سے جھوپڑے بنائے گئے ہیں۔ 
ریلوے کی ملی بھگت
 مقامی چند لوگوںسےبات چیت کرنے پر کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ بھائی ،ہمیںا س سے مطلب نہیں ہے ،جھوپڑے والے جانیں اور ریلوے جانے ،ہمیں اس میں مت گھسیٹو۔کچھ لوگ خود ہی سوال کرنے لگے کہ آپ یہ بتائیے کہ یہ ریلوے کی پراپرٹی ہے ، زمین اور دوسری ملکیت کی نگرانی کے لئے فورس تعینات رہتی ہے ،سی سی ٹی وی کیمرے لگےہوئےہیںاس کے باوجود زمینوں پرقبضے کیسے ہورہے ہیں؟ مطلب صاف ہے کہ ریلو ے کے لوگ ملے ہوئے ہیں ، ورنہ جھوپڑا تو دور کوئی شخص بغیرٹکٹ اسٹیشن کے اند رآنے کی ہمت نہیںکرتا ہے۔‘‘
یہاں دلال سرگرم ہیں
 کچھ لوگوں نےیہ بھی بتایاکہ یہاں کچھ دلال سرگرم رہتے ہیںاوروہ ریلوے اورلوگوں کے درمیان ایک طرح سےپُل کاکام کرتے ہیں۔ وہ کچھ رقم لے کران کوجھوپڑا بنانے کا موقع فراہم کراتے ہیں اور پھرجب کوئی شکایت کی جاتی ہے تو اوپر سے آرڈر ملنےپرانہدامی کارروائی کے ذریعے خانہ پُری کردی جاتی ہے، اس طرح سے یہ کاروبار جاری ہے اور شاید آگے بھی اسی طرح سے چلتا رہے گا۔
ریلوے کا جواب 
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنےان شکایات کے تعلق سے کہا کہ ’’ریلوے املاک اور زمینو ںکے تحفظ کے لئے فورس کے جوان نگرانی کرتے ہیں اور کارروائی بھی کی جاتی ہے۔ جہاںتک باندرہ میں ریلوے کی زمین پرجھوپڑے بنانے کی بات ہےتو وہ زمین خالی کرائی جائے گی اور کسی کوبھی ریلوے کی زمین پر قبضہ کی ہرگز اجازت نہیںدی جائے گی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’لوگوں کوخود ہی سوچنا چاہئے کہ وہ غیرقانونی قبضہ سے بچیں کیونکہ جب کارروائی ہوتی ہے تو خمیازہ ان ہی لوگو ں کوبھگتنا پڑتا ہے جوقابض ہوتے ہیں۔‘‘ 

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK