Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

شہر میں سڑکیں کھود کر وقت پر کام مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کی اب خیر نہیں !

Updated: March 05, 2025, 11:18 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پائپ لائنیں بچھانے یا سڑکوں کی مرمت کیلئے کھدائی کرنے کی شکایت قریبی وارڈ آفس میں کریں ۔ تمام کنٹریکٹروں اور کمپنیوں کو ۳۱؍ مئی تک کام پوراکرنے کا حکم دیا گیا ہے

Citizens can file a complaint with the BMC against the contractor if the work is not completed on time.
وقت مقررہ پرکام پورا نہ ہونے پر شہری بی ایم سی سے ٹھیکیدار کے خلاف شکایت کرسکتے ہیں۔ (تصویر: نمیش دوے)

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی  ایم سی ) نے شہر کو گڑھوں سے پاک کرنے کیلئے مختلف کمپنیوں اور کنٹریکٹروں کو ٹھیکہ دیا ہے لیکن سڑکوں کوسیمنٹ کنکریٹ سے بنانے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ شہر میں کئی مقامات پر کنٹریکٹرس نئی پائپ لائنیںبچھانے اور سڑکوں کی مرمت کے نام پر جا بجا کھدائی کررہے ہیں اور وقت پر کام مکمل نہیں کررہے ہیں ۔ ایسے کنٹرکٹروں کے سبب  ہونے والی پریشانی سے شہریوں کو بچانے   اور وقت پر کام مکمل ہو، اس  مقصد سے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے شہریوں سے اپنے اپنے وارڈآفس میں اس بارے میں شکایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
  شہرو مضافات میں جا بجا سڑکوں کی کھدائی اور سیمنٹ کنکریٹ سے ان کی تعمیر میں مسلسل  تاخیراور شہریوں کو اس کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں  ساتھ ہی متعدد ٹھیکیداروں کے پروجیکٹ مکمل کرنے کے معاملے میں کی جانے والی خلاف ورزی کے سبب بی ایم سی کی جانب سے شکایت کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور جو فرمان جاری کیا گیا ہے ، اس کا مقصد یہ ہے کہ سبھی پروجیکٹ جس میں سڑکوں کی کھدائی سے لے کر نئی پائپ لائن بچھانے یا ان کی مرمت کے ساتھ ساتھ سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں کی تعمیر کو ۳۱؍ مئی تک پورا کرلیا جائے ۔
  اس سے قبل میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے شہرو مضافات میںسڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ سے بنانے اور دیگر عوامی پروجیکٹوں کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کے علاوہ فضائی آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کےمقصد سے نئی سڑکوں کی کھدائی پر روک لگائی تھی ۔  اب سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں کو ۳۱؍ مئی تک مکمل کرنے کیلئے ایک طرف کنٹریکٹروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں تودوسری طرف اس سلسلہ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جس میں شہری انتظامیہ کے دیگر افسران شامل تھے ، سے ہونے والے تبادلہ خیال کے بعد ایک بار پھر شہرو مضافات میں نئی سڑکوں کیلئے کھدائی پر روک لگا دی ہے ۔
  اس میٹنگ میں میونسپل کمشنر نے پروجیکٹ حاصل کرنے والی تمام کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کے نام فرمان جاری کرتے ہوئے نئی سڑکوں کی کھدائی پر مکمل روک لگا دی ہے ۔ میٹنگ کے دوران میونسپل کمشنر نے کہا کہ’’ اگر نئی سڑکوں کی کھدائی کی گئی او ر اس سے شہریوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا اور اس ضمن میں شکایتیں موصول ہوئیں تو کسی بھی کنٹریکٹر کی خیر نہیں ہوگی۔‘‘انہوں نے سابقہ ہدایت کی طر ح موجودہ ہدایت پر عمل نہ کرنے اور وقت پر کام مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں سے بھاری جرمانہ وصول کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی میونسپل کمشنر نے ۴؍ مارچ کوتمام ۲۴؍ وارڈوں کے  افسران کے علاوہ چیف انجینئر (روڈ) کے نام بھی یہ فرمان جاری کیا ہے ۔
   عوام سے اپیل کرتے ہوئے جہاں نئے روڈ کی کھدائی کے سبب ہونے والی تکلیف بیان کرنے اورشکایت کرنے کی درخواست کی گئی  ہے  وہیں ۲۴؍ وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو بھی عوامی شکایت پر فوری کارروائی کرنے کا فرمان جاری کیا گیا ہےساتھ ہی ٹھیکیداروں کو نئی سڑکوں کی کھدائی نہ کرنے کے علاوہ جرمانہ سے بچنے کیلئے اپنے بقایا بل متعلقہ شہری اداروں میں بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ان کے بل ۳۰؍ دن میں ادا کر دیئے جائیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK