• Tue, 21 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ذات کے کالم پر تنازع،بورڈ کا نیا ہال ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ

Updated: January 21, 2025, 4:21 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایچ ایس سی امتحانات کے ہال ٹکٹ پرطالب علم کی ذات کےکالم کی شدید مخالفت کے بعد بورڈکا ۲۳؍جنوری کو نیا ہال ٹکٹ جاری کرنےکااعلان، اسی روز ایس ایس سی کاہال ٹکٹ بھی جاری کیاجائیگا۔

Hall tickets for HSC and SSC will be given to the students on 23rd January. Photo: INN
۲۳؍جنوری کو طلبہ کو ایچ ایس سی اور ایس ایس سی کے ہال ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ تصویر: آئی این این

ایچ ایس سی امتحانات کے ہال ٹکٹ پر پہلی مرتبہ طالب علم کی ذات کا کالم جاری کئے جانے سے تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈآف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن ( ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) نے ایچ ایس سی کانیاہال ٹکٹ جمعرات ۲۳؍ جنوری کو جاری کرنےکا اعلان کیا ہے۔ اسی وجہ سے ایس ایس سی کا ہال ٹکٹ جو پیر۲۰؍جنوری کو جاری ہونے والا تھا وہ بھی اب۲۳؍جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ اس پر بھی ذات کاکالم نہیں ہوگا۔ 
 واضح رہےکہ ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای نے ۱۰؍جنوری کو ایچ ایس سی کے طلبہ کا ہال ٹکٹ بورڈ کے آفیشیل ویب سائٹ پر آن لائن جاری کیاتھا لیکن ہال ٹکٹ پر ذات کے کالم کی چھپائی سے تنازع پیدا ہوگیا۔ اس کالم کے جاری کئے جانے پر والدین، تعلیمی ماہرین، متعددتعلیمی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے اعتراض کرنےپر بورڈ نے ہال ٹکٹ سے ذات کے زمرے کا کالم اب منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ 
 اس تعلق سے اسٹیٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوی داس کولال نے ایک سرکیولرجاری کیاہے جس کے مطابق عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذات پات کے زمرے کے کالم کو واپس لے لیا جائےگا۔ ہال ٹکٹ پر طالب علم کی ذات کا ذکر نہیں ہوگا۔ ایس ایس سی کے ہال ٹکٹ پربھی یہ کالم نہیں ہوگا۔ اب دونوں بورڈامتحانات کے ہال ٹکٹ۲۳؍ جنوری کو جاری کئے جائیں گے۔ ‘‘ واضح رہے کہ بارہویں کےامتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کاہال ٹکٹ ۱۰؍جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ 
 مہاراشٹر اسٹیٹ ہیڈ ماسٹر اسوسی ایشن کے سابق صدر مہندرگنپولے نے اس تعلق سے انقلاب کو بتایا کہ ’’ ہال ٹکٹ پر طالب علم کی ذات کا تذکرہ قطعی غیر ضروری ہے۔ ہا ل ٹکٹ کی ضرورت صرف امتحان تک محدود ہوتی ہے۔ اس کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ صحیح اُمیدوار کو امتحانی کمرہ میں جانے کی اجازت دی جائے۔ جب بورڈ نےہال ٹکٹ پر امتحان کا ٹائم ٹیبل اور دیگر قواعد شامل کئے تھے، تو ہم نے بورڈ کی تعریف کی تھی۔ ‘‘ 
 ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای کے چیئرمین شرد گوساوی کے مطابق’’ ہال ٹکٹ پر ذات کے زمرے کو ظاہر کرنے کا مقصد طالب علموں کی ان غلطیوں کو دور کرنے میں مدد کرنا ہے، جو اسکول میں داخلہ لینے کے وقت ہوئی ہوں گی۔ ایک بار جب ایک طالب علم فارغ التحصیل ہو جاتا ہے، تو وہ اسکول کے رجسٹر میں اپنی ذاتی تفصیلات میں تبدیلیاں نہیں کر اسکتا ہے۔ ‘‘
  دریں اثناء اسٹیٹ بورڈ نے اس تعلق سےجو نیانوٹیفکیشن جاری کیا ہے اس کےتحت جونیئر کالجوں کو مطلع کیا گیاہے کہ ایچ ایس سی امتحانات کیلئے نئے ہال ٹکٹ ۲۳؍جنوری کو دوپہر۳؍ بجے کےبعد جاری کئے جائیں گے۔ جن طلبہ نے مضمون کی تصحیح کیلئے بورڈ میں اپنا پچھلا ہال ٹکٹ جمع کرایا ہے، وہ اسے تبدیل کرکے نئے ہال ٹکٹ پر بورڈ سے مضمون کی تصحیح کروا ئیں۔ ⁠اسی دن ایس ایس سی کے بھی ہال ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK