آدتیہ ٹھاکرے ، سنیل شندے اور سچن اہیر کے خلاف غیر قانونی طور پر جمع ہونے، دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے اور کسی جگہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا کیس درج کیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 19, 2023, 7:44 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
آدتیہ ٹھاکرے ، سنیل شندے اور سچن اہیر کے خلاف غیر قانونی طور پر جمع ہونے، دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے اور کسی جگہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا کیس درج کیا گیا۔
بی ایم سی کے روڈ ڈپارٹمنٹ کی شکایت پر این ایم جوشی مارگ پولیس نے ادھو شیوسینا گروپ کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے، سنیل شندے اور سچن اہیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ مذکورہ افراد نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب زبردستی لوور پریل پر واقع ڈیلایل روڈ بریج کو عوام کے لئے کھول دیا تھا لیکن بی ایم سی نے اسے دوبارہ بند کر دیا اور کہا کہ اس بریج کی تعمیر ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ ان افراد کے خلاف غیر قانونی طور پر جمع ہونے، دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے اور کسی جگہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا کیس درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آدتیہ ٹھاکرے جمعہ کی شب تقریباً ساڑھے ۹؍ بجے سنیل شندے، سچن اہیر، سابق میئر کشوری پیڈنیکراور سابق میئر اسنیہل آمبیکر سمیت اپنی پارٹی لیڈروں نیز ۱۵؍ سے ۲۰؍ حامیوں کے ساتھ داخلے پر لگے بیریکیڈ ہٹا کر زبردستی لوور پریل پر واقع ’ڈیلایل روڈ بریج‘ پر پیدل چلے گئے تھے۔ یہ لوگ بریج کے درمیان تک گئے جس کے بعد راستہ کھلا دیکھ کر چند گاڑیاں بھی بریج پر چلی گئیں۔اس پر بی ایم سی کے روڈ ڈپارٹمنٹ کے افسر پرشوتم پرہلاد ڈانگڑے نے این ایم جوشی مارگ پولیس اسٹیشن میں مذکورہ افراد کے خلاف شکایت درج کروائی۔ شکایت کے مطابق اس بریج کا کام مکمل نہیں ہوا ہے اس لئے جو گاڑیاں اس پر سے گزری تھیں ، وہ حادثہ کا شکار ہوسکتی تھیں۔اس بریج کا ایک حصہ اسی سال جون میں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھولا جاچکا ہے البتہ بریج کو مکمل طورپر شروع نہیں کیا گیا ہے۔ حال ہی میں ایسی خبریں موصول ہورہی تھیں کہ اس بریج کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جس کا اچانک افتتاح کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا تھا کہ اس بریج کے بند ہونے سے عوام کو بہت دقت ہورہی ہے جس کے پیش نظر انہوں نے اس طرح بریج کو کھولنے کا قدم اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ ۱۷؍ نومبر کو نوی ممبئی کی پہلی میٹرو لائن شروع کی گئی ہے جس کا کریڈٹ بھی آدتیہ ٹھاکرے نے لیتے ہوئے کہا کہ’’ اس میٹرو لائن کو شروع کرانے کیلئے وہ گزشتہ ۵؍ مہینے سے انتظامیہ کے پیچھے پڑے ہوئے تھے اور بالآخر کسی رسمی افتتاح کے بغیر اسے عوام کیلئے شروع کردیا۔ اسی طرز پر ڈیلایل روڈ بریج بھی مکمل طور پر تعمیر ہوچکا ہے لیکن اس کا افتتاح نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ گزشتہ ۱۰؍ روز سے بی ایم سی افسران سے بات چیت کررہے تھے لیکن ’بلڈر گارجین منسٹر‘ کے پاس وقت نہیں ہوگا ،اس لئے اسے شروع نہیں کیا جارہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’ہم دیکھتے ہیں کہ یہاں ایمبولنس ٹریفک میں پھنسی رہتی ہے۔مقامی افراد اور عوام کو تکلیف ہورہی ہے لیکن ان کی فکر نہیں کی جارہی ہے۔ وزیر کے پاس پوری ریاست میں جاکر انتخابی مہم میں حصہ لینے کا وقت ہے لیکن اس بریج کے افتتاح کا وقت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ عوام میں موجودہ حکومت کے خلاف سخت ناراضگی ہے جس کی وجہ سے سرکار انتخابات کرانے کی ہمت نہیں کرپارہی۔ جب الیکشن ہوں گے تو عوام انہیں جواب دیں گے۔‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق سرکار کو رام مندر کے نام پر ووٹ نہیں مانگنا چاہئے۔‘‘